پارلیمنٹ کا آئینی مدت پوری کرنا تاریخی اعزاز ہے: میاں منظوروٹو

269283_364167433690084_1654298241_n

لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ نامساعد ترین حالات اور بحرانوں کے باوجود منتخب پارلیمنٹ کا آئینی مدت پوری کرنا تاریخی اعزاز ہے جس کا کریڈٹ ساری پارلیمنٹ کو جاتا ہے ، اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلسل حالت جنگ میں رہنے، اندرونی و بیرونی مشکلات، سازشوں، معاشی دباﺅ کے باوجود حکومت اور منتخب جمہوری اداروں کا اپنی آئینی مدت پوری کرنا بہت بڑی کامیابی ہے، جس کی 65 سالہ قومی تاریخ میں پہلے کوئی مثال موجود نہیں۔ جمہوری استحکام کے لئے وسیع تر قومی مفاہمت کی بانی بے نظیر بھٹو تھیں جنہوں نے ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جان نچھاور کر دی، انہیں شہید کرنے والی منفی قوتیں پاکستان کو انتشار سے دوچار کر کے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے کوشاں تھیں، اس کڑے وقت میں آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور پاکستان توڑنے کی سازش کو اپنے تدبر سے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت بھی نہ ہونے کے باوجود حکومت اور پارلیمنٹ کا آئینی مدت پوری کرنا بلاشبہ تمام محب وطن حلقوں کے لئے فخر کی بات ہے۔ قائدین کی قربانیوں سے جمہوریت کی بنیاد مضبوط ہو چکی ہے اور غیر آئینی، غیر جمہوری ایڈوینچرز کے راستے ہمیشہ کے لئے بند ہو چکے ہیں۔ دریں اثناءمنظور وٹو نے کراچی میں علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بدامنی پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں