گھریلو صارفین کو میٹر زکارڈز جاری کرنے کا فیصلہ،نگران حکومت کے لیےکمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں: میاں منظور وٹو

minister

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر امور کشمیر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کے عام گھریلو صارفین کو میٹر زکارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک انتظامی حکم کے تحت جاری کردئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میٹر کارڈز جاری ہونے سے بجلی چوری میں واضح کمی آئے گی جبکہ اوور بلنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے گا۔ میٹرکارڈز صارفین کے پاس رہیں گے،میٹرریڈرز ریڈنگ نوٹ کرنے کے بعد کارڈ پر صارف اور خود دستخط کر کے اسے صارف کے حوالے کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر توانائی کے حوالے سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے ملک بھر میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے ان کی ماہانہ آ مدن اور زرعی ٹیوب ویلوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جو کمیٹی کے آ ئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔منظور وٹو کا کہنا تھا کہ آ زاد کشمیر کے 1974 کے عبوری آ ئین میں ترامیم کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کو آ زاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی سفارشات موصول ہو گئی ہیں جن کا جائزہ لے کر سفارشات وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو بھجوا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں میں نگران حکومتوں کے قیام کے حوالے سے صدر آ صف علی زرداری نے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو صوبوں میں نگران حکومت کے قیام کے حوالے سے اتحادیوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کریں گے۔ چاروں صوبوں میں پارٹی کے صوبائی صدور کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔
Source: Daily Pakistan

اپنا تبصرہ بھیجیں