وفاقی وزیر اور صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو زرداری فوبیا ہو گیا ہے اور وہ عام انتخابات کے متوقع نتائج کے خوف میں مبتلا ہیں۔ ہم شریف لوگ ہیں گالی کا جواب گالی سے دینے کے قائل نہیں ہیں۔شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری کے خلاف تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا طرز عمل اور جھوٹ پر مبنی بیانات و تقریریں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ وہ ن لیگ کی تیزی سے گرتی ہوئی ساکھ پر ہیجان میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ باشعور عوام سب کچھ دیکھ اور سمجھ رہے ہیں۔وہ آنےوالے انتخابات میں ملک و قوم کے خلاف سازشیں کرنےوالوں کو اپنے گھروں تک محدود کر دیں گے۔ سخت مشکلات، نامساعد حالات، دہشت گردی، معاشی ابتری اور اندرونی و بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جمہوری پارلیمانی قوتوں نے کامیابی سے اقتدار کی آئینی مدت پوری کی، عوامی فلاح اور تعمیر و ترقی کے شاندار منصوبے مکمل کرائے۔