پیپلزپارٹی کی سیاسی امور کی انچارج اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور ایک ہفتہ لاہور بلاول ہاؤس میں گزارنے کے بعد واپس اسلام آباد چلی گئیں ۔ اس دوران ا ن سے مختلف پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔
فریال تالپور نے پی واۓ او سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف یوتھ سے وابستہ ہے بلکہ روشن بھی ہے ہم نوجوانوں کو پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھرپور کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کریں گے اور امید کرتے ہیں کہ جس طرح سے یوتھ نے پہلے پیپلز پارٹی کے لئے نمایاں کام کیا ہے آئندہ بھی کرتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے جیتے گی اور عوام تیر کے نشان کو فتح کا نشان بنائیں گے۔ پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی ٹیکنالوجی دی ہے اسے ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ بے روز گار نوجوانوں کو روز گار دیا ہے،سابق دور حکومت میں نکالے گئے افراد کو نوکریوں پر بحال کیا ہے، غریب عوام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے کا موقع دیا ہے۔ ایسی عوام دوست جماعت کو عوام ووٹ کی طاقت سے پھر حکومت میں لائیں گے۔