پیپلز پارٹی نے ملک میں مفاہمت کی سیاست کا آغاز کیا لیکن تخت لاہور ہمیشہ لڑتا رہا: صدر زرداری

جنوبی پنجاب کے فنڈ زلاہور میں خرچ کئے جاتے رہے ‘ ن لیگ نئے صوبے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے ،گیلانی نے ثابت کر دیا سرائیکی باوفا ہیں :رحیم یارخان میں جلسے ،تقریب سے خطاب بروقت اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے ،ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا:ملتان میں پلوں کے افتتاح پر خطاب،ارکان اسمبلی اور وکلا کی ملاقات، صدر نے لوگوں کی مایوسی دور کردی :گیلانی
577852_429611967120512_1821847078_n (1)

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں مفاہمت کی سیاست کا آغاز کیا لیکن تخت لاہور ہمیشہ ان کے ساتھ لڑتا رہا، اسٹیبلشمنٹ اور تخت لاہورہمیشہ سے پیپلز پارٹی کے خلاف رہے ہیں لیکن اس کے باوجود پیپلزپارٹی پاکستانی عوام کی خدمت کرتی رہی ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی عوام ان کاساتھ دے گی۔ گزشتہ روز گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی رہائش گا ہ جمالد ین والی میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کی ترقی پیپلزپارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی وفانے ثابت کردیا کہ یہاں کے باسی باوفا ہیں،جہاں بھی شہادت ہوئی وہاں پیپلزپارٹی کا علم نظر آئے گا، کراچی میں سانحہ عباس ٹائون میں شہید ہونے والے پیپلزپارٹی کے کارکن ہی تھے ، پیپلزپارٹی کو اپنی شہادتوں پر فخر ہے ۔بھٹوشہید کا مشن بی بی شہید نے پورا کیا اور اب یہ میری زندگی کا مشن ہے ۔ مخدوم احمد محمود کی تقرری سے جنوبی پنجا ب کے مسائل حل ہونگے ،ہمارا تعلق مضبوط ہونے سے جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی ایک بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب مخدوم سید احمد محمود نے اپنے پورے گروپ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب نے صدر آصف زرداری کو رحیم یار خان میں اپنی رہائشگاہ پر ظہرانہ بھی دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ وفاق کو جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا احساس ہے لیکن جنوبی پنجاب کیلئے جاری کئے گئے تمام فنڈ لاہور میں خرچ کئے جاتے رہے اور اب مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب صوبے کی راہ میں بھی رکاوٹ ڈال رہی ہے ۔ صدر مملکت سے رحیم یار خان ڈسٹرکٹ بار کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔ صدر نے بار کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے مسائل سے آگاہ ہوں، حل کیلئے اقدامات کرینگے ۔ صدر نے ڈسٹرکٹ بار کیلئے پچاس لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔علاوہ ازیں ملتان میں رشید آباد فلائی اوور کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کو محکوم رکھا گیا اور یہاں ترقیاتی کام نہیں ہوئے ، موجودہ حکومت نے یہاں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں،ہم نے نامساعد حالات کے باوجود عوامی مسائل حل کیے ، ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر زرداری جنوبی پنجاب کی تعمیر وترقی چاہتے ہیں،ہم اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں صدر آصف علی زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہمارا فرض ہے ۔ میرے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے علیحدگی کے بعد لوگوں میں کچھ مایوسی ہوئی تھی لیکن صدر نے لوگوں کی مایوسیاں دور کردیں اور بڑے منصوبے مکمل کرائے ۔صدر نے دریائے راوی پر سعید والا کے مقام پر پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا،میں نے مخدوم یوسف رضا گیلانی سے کہا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ ہم جب الیکشنوں میں جائیں تو لوگ کہیں کہ آپ نے ہمارے شہر کو پٹوا دیا لیکن مجھے یہاں آ کر خوشی ہوئی کہ یہاں 90 سے 95 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو گئے ہیں،ہماری حکومت آئے گی تو میں نمائندوں کو گائیڈ کروں گا اور ایک بار پھر جنوبی پنجاب میں پروجیکٹس شروع کیے جائیں گے ۔سید یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو الگ صوبہ دینے کا وعدہ پورا کریں گے ،ملک میں بروقت اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے ۔صدر سے ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں