صدرزرداری کی بہترین مفاہمتی پالیسی کے باعث 65 برسوں میں پہلی بار پاکستان اس قابل ہوا ہے کہ ایک منتخب حکومت جمہوری طریقہ کار سے دوسرے منتخب عوامی نمائندوں کو اقتدار منتقل کرنے جا رہی ہے : منیر احمد خان

542593_234041826733580_734191998_n

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ترجمان ، انچارج پالیسی پلاننگ اینڈ میڈیا منیر احمد خان نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی بہترین مفاہمتی پالیسی کے باعث 65 برسوں میں پہلی بار پاکستان اس قابل ہوا ہے کہ ایک منتخب حکومت جمہوری طریقہ کار سے دوسرے منتخب عوامی نمائندوں کو اقتدار منتقل کرنے جا رہی ہے ، جس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو گی – قوم عرصے سے جن آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا خواب دیکھ رہی ہے پیپلز پارٹی اسے پورا کرنے میں ہر قسم کا تعاون کرے گی- صحافیو ں سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ نیویارک ٹائمز کی پاکستان کے بارے میں حالیہ رپورٹ تمام مخالفین کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے – رپورٹ کے مطابق صدر زرداری نے اپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت ملک میں نہ صرف جمہوریت کو مضبوط کیا بلکہ قومی اسمبلی کی پانچ سالہ مدت بھی پوری کی ،منیر احمد خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے امریکی ترجیحات پر قومی مفادات کو ترجیح دی اور پاک ایران گیس پائپ لائن اور گوادر پورٹ جیسے معاہدوں سے پاکستان کی خود محتاری کا لوہا منوایا ، انہوں نے کہا کہ اپنی بہترین خارجہ پالیسی سے پیپلز پارٹی نے پاکستان کی ساکھ دنیا بھر میں بہتر کی اورموجودہ انتخابات میں کامیاب ہو کر پھر ملک میں ترقی کا پہیہ چلائیں گے ، انہو ں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی ترقی اور غریب کی بھلائی کی سیاست کی – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے جھوٹے الزامات اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود اپنی مدت پوری کی اور پارلیمنٹ کو ان پانچ سالوں میں ایک بار بھی عدم اعتماد کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، پارلیمنٹ نے کامیابی سے اہم ترین آئینی ترامیم کا عمل انجام دیا، 1973 ء کے آئین میں 18 ویں ، 19 ویں اور 20 ویں ترامیم متفقہ طور پر منظور کر کے اس کو اصل شکل میں بحال کیا اور تقریبا” تمام قانون سازی کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا – انہوں نے کہا کہ ساتواں این ایف سی ایوارڈ منظور کیا جس کے تحت صوبوں کو مزید مالی وسائل دئیے گئے اور صوبائی خود مختاری کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا اور اقتدار کی پارلیمنٹ کو منتقلی صدر آصف علی زرداری کی ایک بڑی سیاسی فتح ہے – پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ایک صدر نے اپنے اختیارات رضاکارانہ طور پر پارلیمان کو منتقل کئے ہیں ، انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ اختیارات کسی فرد کی بجائے عوامی نمائندوں کو سونپ دئیے جائیں تاکہ جمہوریت کو آئندہ سازشوں سے محفوظ کیا جا سکے ، صدر زرداری کے اس عمل سے ایک گھناؤنا باب ہمیشہ کے لئے بند ہو گیا -انہوں نے کہا کہ اس بات کا اعتراف پاکستان میں جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر عالمی میڈیا نے بھی اپنے مضامین میں کیا ہے جسے پیپلز پارٹی کے حریف “میں نہ مانوں “کے مصداق ماننے کو تیار نہیں تاہم اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا – انتخابات کے نتائج ناقدین کے منہ بند کر دیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں