پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو پارٹی کے اندر اور دیگر جماعتوں سے مشاورت کے عمل میں اختلاف رائے کا کھلے دل سے احترام کرتی ہے: ذکریا بٹ

164602_78012561

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری ذکریا بٹ نے کہا ہے کہ اپوزیشن سمیت تمام جمہوری قوتوں کو ہمراہ لے کر چلنے والی پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ہے اور ساتھ ہی رہے گی – میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہی جمہوریت کا اصل حسن ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو پارٹی کے اندر اور دیگر جماعتوں سے مشاورت کے عمل میں اختلاف رائے کا کھلے دل سے احترام کرتی ہے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہو کر مفاہمانہ سیاست کا نیا کلچر متعارف کرایا اور اسی افہام و تفہیم کے باعث ہی پارلیمنٹ اور منتخب جمہوری حکومت نے مقررہ آئینی مدت کامیابی کے ساتھ مکمل کی – ذکریا بٹ نے کہا کہ ق لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہم نے ملکر ہی الیکشن میں حصہ لینا ہے ، سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور تحفظات کا معاملہ بہت جلد افہام و تفہیم سے خوش اسلوبی سے طے کر لیا جائیگا ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کسی بھی معاملہ پر اختلاف رائے کو باہمی گفت و شنید سے حل کیا جا سکتا ہے ، سیاسی اتحاد میں اس طرح کے معاملات چلتے ہی رہتے ہیں اسکی بنیاد پر اندازے لگانا ، افواہیں پھیلانا اور اتحاد ٹوٹنے کی قیاس آرائیاں کرنا درست نہیں – انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق پیپلز پارٹی کی اہم اتحادی جماعت ہے اور دونوں جماعتیں ملکر عام انتحابات لڑنے کا فیصلہ کر چکی ہیں -انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ق لیگ میں کوئی ڈیڈ لاک یا ایسا تنازع نہیں جو حل نہ کیا جا سکتا ہو – انہوں نے کہا کہ ق لیگ کی جانب سے ظاہر کئے گئے تحفظات دور ہو جائیں گے اور دونوں جماعتیں مل کر پنجاب سمیت ملک بھر میں حکومت بنائیں گی

اپنا تبصرہ بھیجیں