گیارہ مئی کا سورج پنجاب کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی جبکہ لٹیروں کے لئے سیاسی موت کا پیام لے کر طلوع ہو گا: عزیز الرحمان چن

Aziz

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے ، 11 مئی کا سورج پنجاب کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی جبکہ لٹیروں کے لئے سیاسی موت کا پیام لے کر طلوع ہو گا – پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے پانچ برس تک بہت ظلم سہے ، ناانصافیاں برداشت کیں وہ ناکام منصوبوں پر اپنے خون پسینے کی کمائی ضائع اور بدترین لوٹ مار ہوتے دیکھتے رہے ہیں ، اب انہیں ان تمام زیادتیوں کے ازالے اور لٹیروں سے حساب چکانے کا موقع مل رہا ہے تو وہ ن لیگ کی ہمیشہ کے لئے چھٹی کرانے کے لئے بے تاب ہیں – عزیز الرحمان چن نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے دل ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ دھڑکتے رہے ہیں تاہم سازشوں اور آمریت کے منفی ہتھکنڈوں کے باعث طویل مدت تک عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر پیپلز پارٹی کو جبری طور پر پنجاب میں حکومت بنانے سے روکا جاتا رہا – انہوں نے کہا کہ اب عوام پچھلے سارے حساب چکانے کے موڈ میں ہیں اور وہ پنجاب میں بھی ایسا عوامی راج چاہتے ہیں جو ان کی امنگوں کاحقیقی ترجمان ہو اور ان کے مسائل حل کرے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں مثالی عوامی راج قائم کرے گی اور لٹیروں سے پائی پائی کا حساب لے گی –

اپنا تبصرہ بھیجیں