میاں نواز شریف ذاتی پسند ناپسند کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو سکے اور الیکشن خوشگوار ماحول میں ہو سکیں: میاں منظور احمد وٹو

188822_230257290445367_72184262_n

لاہور: صدر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو اپنے روئیے بہتر بنانے چاہئیں اور محض محالفت برائے مخالفت میں ملک و قوم کے مفادات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے – اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے نواز شریف کا جانب سے سندھ اور بلوچستان کے نگران سیٹ اپ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے اعلان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان غیر مستحسن طرز عمل کا عکاس اور آئین کی خلاف ورزی ہے ، میاں نواز شریف آئین کی کس شق کے تحت ایسا کریں گے ، کیا وہ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ن لیگ سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت اور قومی اتفاق رائے سے کی گئی آئینی ترامیم درست نہیں تھیں – میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے تشکیل دئیے گئے نگران سیٹ اپ کے حوالہ سے ایسے منفی طرز عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے – انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ان کے اپنے نامزد کردہ چیف الیکشن کمشنر ، آزاد ، خود مختار اور با اختیار الیکشن کمیشن ، آزاد عدلیہ اور آزاد طاقتور میڈیا کی موجودگی میں کوئی بھی انتخابات میں دھاندلی نہیں کر سکتا – انہوں نے کہا کہ حالیہ متفقہ آئینی ترامیم کے بعد نگران حکومتیں علامتی اور بے اختیار ہیں اور وہ انتخابات کے عمل پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں بلکہ یہ ساری ذمہ داری آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں ہے – انہوں نے کہا کہ ہمیں بے بنیاد الزام تراشی سے گریز کرنا چاہئے ، ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے یاد دلایا کہ پہلے یہ لوگ کہتے تھے کہ صدر مملکت آصف زرداری عام انتخابات بروقت نہیں کرائیں گے اور موجودہ اسمبلیوں کو توسیع دیں گے مگر 11 مئی کو پولنگ کا اعلان کر کے صدر زرداری نے ان کے بے بنیاد خدشات غلط ثابت کر دئیے – انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی جانب سے نگران صوبائی حکومتوں کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان جمہوریت اور قومی اداروں کو نقصان پہنچانے اور آئین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے – انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ذاتی پسند ناپسند کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو سکے اور الیکشن خوشگوار ماحول میں ہو سکیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں