عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور جمہوریت کا راستہ روکنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی: عزیز الرحمان چن

Aziz

لاہور: نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب عزیز الرحمان چن نے کہا ہے کہ اندرونی و بیرونی سازشوں کے باوجود عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور جمہوریت کا راستہ روکنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی – میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمریت کے پروردہ اور بیرونی قوتوں کے آلہ کار غیر جمہوری عناصر منفی ہتھکنڈوں سے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے درپے ہیں ، تاہم عوام اور تمام محب وطن جمہوری جماعتیں مل کر ان کی مذموم سازشیں ناکام بنا دیں گے – انہوں نے کہاکہ عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر جمہوریت اور جمہوری اداروں کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے – انہوں نے کہا کہ ماضی میں بدترین آمریتوں کا ساتھ دینے والے غیر جمہوری عناصر چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے لئے بیرونی سرمائے کی مدد سے بڑے بڑے جلسے کر کے یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی چال کامیاب رہے گی لیکن انہیں جب حقیقت کا سامنا کرنا پڑے گا تو بہت مایوسی ہو گی کیونکہ عوام باشعور ہیں اور سب شعبدہ بازیوں کو اچھی طرح جان چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عوام جمہوریت اور ملک کے دشمنوں کو عوام کسی بھی صورت قبول کرنے پر تیار نہیں وہ چاہے بڑے بڑے جلسے کریں یا سرکاری وسائل سے لیپ ٹاپ اور سولر انرجی پینل بانٹیں عام انتخابات میں عبرتنایک شکست سے انہیں کوئی نہیں بچا سکتا – انہوں نے کہا کہ صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہی عوام ووٹ دیں گے اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جو قومی مفادات اور ملک و قوم کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں