راجہ عامر خان کا الیکشن کمیشن سے پنجاب حکومت کی غیر آئینی حرکات اور پری پول رگنگ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

IMG_4847

لاہور: سیکرٹری اطلاعات و نشریات پیپلز پارٹی پنجاب راجہ عامر خان نے کہا ہے کہ سرکاری وسائل سے اپنی سیاسی جماعت کی انتخابی مہم چلانے والوں کا احتساب کیا جائے ، انہوں نے الیکشن کمیشن سے پنجاب حکومت کی غیر آئینی حرکات اور پری پول رگنگ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی اور تعلیم کے لئے مختص فنڈز کو سستے اور غیر معیاری لیپ ٹاپ خریدنے اور اپنے چہیتوں میں بانٹنے پر لٹا رہے ہیں جس کا نوجوان نسل میں شدید رد عمل پایا جاتا ہے – انہوں نے کہا کہ مرضی کی بندر بانٹ کے خلاف نوجوان طلباء لاہور میں ن لیگ کے پارٹی دفاتر میں گھس کر شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں – راجہ عامر خان نے کہا کہ شہباز شریف ساری صوبائی سرکاری مشینری اور وسائل کو اپنی پارٹی کی انتخابی مہم پر خرچ کر رہے ہیں جو آئین اور انتخابی قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے – انہوں نے عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو اس کا فوری نوٹس لینے اور انتخابی قوانین کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں