پنجاب حکومت نے اپنے ناکام منصوبوں اور ان کے ذریعے لوٹ مار پر جھوٹ کا پردہ ڈالنے کے لئے زر خرید جعلی سروے رپورٹوں کا اہتمام کیا: تنویر اشرف کائرہ

733788_384494884990672_1090864483_n

لاہور: جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے غیر جمہوری سوچ رکھنے والی ن لیگ کے جھوٹے دعووں کا پول کھل چکا ہے اور حقیقت عوام کے سامنے آ رہی ہے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے ناکام منصوبوں اور ان کے ذریعے لوٹ مار پر جھوٹ کا پردہ ڈالنے کے لئے زر خرید جعلی سروے رپورٹوں کا اہتمام کیا اور حال ہی میں ٹرانسپیرنسی نامی نجی ادارے کی جائزہ رپورٹوں کو آڈٹ رپورٹ اور شفافیت کی سند قرار دیا لیکن ان کا یہ جھوٹ ظاہر ہو گیا ہے اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے آنے والی وضاحت نے حقیقت ظاہر کر دی ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی وضاحت میں بتایا ہے کہ انہوں نے تو صرف پنجاب حکومت کی جانب سے مہیا کردہ تفصیلات اور اعداد و شمار کا سرسری جائزہ لے کر ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے کسی بھی منصوبہ کا آڈٹ نہیں کیا اور نہ ہی کسی منصوبے کی شفافیت کی سند جاری کی ہے ، انہوں نے کہا کہ اسی طرح شہباز شریف نے عوام کو دھوکہ دینے اور انتخابی فائدہ اٹھانے کے لئے ایک لاکھ کنٹریکٹ سرکاری ملازمین کو ریگولر کرنے کا جو اعلان کیا تھا اسے خود ہی واپس لے لیا ہے جس سے ایک لاکھ خاندان شدید تحفظات اور معاشی عدم تحفظ کا شکار ہو کر ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں – انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ، ن لیگی قیادت کے جھوٹ یکے بعد دیگرے سامنے آ رہے ہیں اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ن لیگی قیادت اپنے مفادات کے لئے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے لیکن اسے ہر صورت ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں