منفی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے پیپلز پارٹی اور شہید بھٹو کے ووٹ بنک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے: تنویر اشرف کائرہ

733788_384494884990672_1090864483_n

جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تعمیری و فلاحی سوچ کی علمبردار سب سے بڑی جماعت ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہو رہی ہے اور اس کے خلاف سازشیں کرنے والے ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں – پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہر دور میں سازشیں کی گئیں تاہم سازش کرنے والے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں کامیاب نہیں ہو سکے – انہوں نے کہا کہ 2002 ء میں فوجی آمر نے پیپلز پارٹی کو انتخابات میں نقصان پہنچانے کے لئے اصل نام سے رجسٹرڈ نہیں ہونے دیا اور اس کی پہچان بن جانے والے معروف انتخابی نشان تلوار کو بھی انتخابی نشانات کی فہرست سے خارج کر دیا تاہم پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے نام سے تیر کے انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اتری اور بھرپور عوامی تائید حاصل کی لیکن بیرونی طاقتوں کے آلہ کار آمریت نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور منتخب عوامی نمائندوں کی وفاداریاں گن پوائنٹ پر تبدیل کرائی گئیں ، انہوں نے کہا کہ اب عام انتخابات قریب آئے تو جمہوریت دشمن عناصر ایک بار پھر سازشوں میں مصروف ہو گئے کئی نام نہاد گروپوں نے پیپلز پارٹی کے نام اور انتخابی نشان پر ناجائز طور پر اپنا حق جتایا اور معاملہ الجھانے کی کوششیں کیں – تاہم حق کی فتح ہوئی اور الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کو تیر کا نشان الاٹ کر دیا ہے ، انہو ں نے کہا کہ اس قسم کے منفی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے پیپلز پارٹی اور شہید بھٹو کے ووٹ بنک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ، عوام ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے اور آئندہ بھی اس کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آفاقی حقیقت ہے اور اسے اندر یا باہر سے نقصان پہنچانے کی سازشیں کرنے والے خود عبرتناک ناکامی اور گمنامی کے اندھیروں میں گم ہو گئے –

اپنا تبصرہ بھیجیں