بلاول بھٹو زرداری چند دنوں میں واپس آکر انتخابی مہم میں حصہ لے کر ناقدین کے منہ بند کر دیں گے: تنویر اشرف کائرہ

Kaira and Rehman Malik

جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری کے بیرون ملک جانے پر مخالفین بے بنیاد پروپیگنڈہ کر کے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں تاہم انہیں اس میں کامیابی نہیں ہو گی – انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ چند دنوں کے لئے دبئی جانا کوئی ایسا اچنبھہ نہیں ہے کہ اس پر اس قسم کا بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کر دیا جائے – انہوں نے کہاکہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو اس ملک سے گئیں تب بھی ایسی بے پر کی اڑائی گئیں ، صدر مملکت آصف علی زرداری گئے تو بھی ایک مخصوص ٹولہ اس قسم کی افواہوں کو ہوا دیتا رہا کہ وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں اب واپس نہیں آئیں گے اوراب بلاول بھٹو زرداری کے جانے پر بھی وہی بے بنیادباتیں کی جا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری چند دنوں میں ہی شہید محترمہ بینظیر بھٹو ، آصف علی زرداری کی طرح وطن واپس آکر انتخابی مہم میں حصہ لے کر ناقدین کے منہ بند کر دیں گے -انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بلاول بھٹو زرداری کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر الیکشن مہم سے تھوڑا دور رکھا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کو کسی بڑے نقصان سے بچایا جا سکے – انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے سرپرست اعلی ہیں اور ان کا دبئی جانا کسی قسم کے اختلافات کی بنا پر نہیں ہے – اور نہ ہی کسی قسم کا خوف ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے اور اس کے قائدین سے لے کر ہر کارکن تک پاک وطن کے لئے جذبہ شہادت سے سرشار ہے – تاہم بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی اور پاکستان کا اثاثہ ہیں اور انکی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں