پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن نے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کی مختصر ترین کابینہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک احسن مثال قرار دیا ہے – پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور ورکرز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی سینئرصحافی ، دانشور اور محب وطن مدبر ہیں ، پنجاب کی نگران کابینہ کو مختصر رکھنے کا فیصلہ ان کی مثبت سوچ کا عکاس ہے – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور تمام صوبوں میں مقبولیت رکھنے والی سب سے بڑی عوامی جماعت ہے جس کی تاریخ ملک و قوم ، غریب عوام اور جمہوریت کے لئے گراں قدر قربانیوں سے بھری ہوئی ہے – انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے جسے سازشوں کے ذریعے پنجاب میں اقتدار سے طویل عرصہ تک دور رکھا گیا تاہم اب وقت بدل چکاہے اور آنے والے عام انتخابات میں پنجاب کے غیور اور باشعور عوام پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی دلا کر پنجاب میں دوبارہ عوامی راج کی بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے – انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے ووٹ بنک کو تمام مخالف مل کر بھی کم نہیں کر سکتے – عزیز الرحمان چن نے کہا کہ مسائل کے خاتمہ اور تعمیر و ترقی کے لئے پنجاب کے تمام رائے دہندگان 11 مئی کو ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں اور ذاتی اغراض کے لئے سیاست کو کاروبار بنا لینے والوں سے ہمیشہ کے لئے نجات کو یقینی بنائیں –