پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پرجوش قیادت میں شہید بھٹو کا مشن پورا کرنے کے لئے عملی جدوجہد جاری رکھے گی: میاں منظوراحمد وٹو

65333_435177886570757_5159208_n

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظوراحمد وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پرجوش قیادت میں شہید بھٹو کا مشن پورا کرنے کے لئے عملی جدوجہد جاری رکھے گی اور عام انتخابات کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی راج قائم کر کے جمہوریت کو ناقابل تسخیر بنا دے گی -اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے طبقاتی امتیاز اور استحصالی نظام کے شکنجے میں جکڑے غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لئے تاریخ ساز جدوجہد کی ، انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد میں کامیاب ہوئے تو عالمی استعماران کی جان کے درپے ہو گیا اور جب شہید بھٹو نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع کیا تو انہیں عبرتناک انجام کی دھمکیاں دی گئیں لیکن شہید بھٹو آہنی عزم کے مالک تھے انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنا دیا – میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ جوہری توانائی ، سٹیل ملز، متفقہ آئین اور گوادر شہید بھٹو کے وژن اور تدبر کا ثبوت ہیں – انہوں نے کہا کہ آج ان کا 34 واں یوم شہادت مناتے ہوئے پوری قوم زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگا رہی ہے – میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ شہید بھٹو کے عوامی خدمت کے مشن کو ان کی صاحبزادی محترمہ بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور جدید ایٹمی میزائل ٹیکنالوجی سے ملکی دفاع کو مزید مستحکم کیا – انہوں نے کہاکہ اپنے شہید بابا کی راہ پر چلتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی پاکستان ، عوام اور جمہوریت کے لئے جان نچھاور کر دی – انہوں نے ہا کہ اب بلاول بھٹو اپنے شہید نانا اور شہید والدہ کے وژن کو آگے بڑھائیں گے – انہوں نے کہا کہ غیرت مند اور محب وطن پاکستانی عوام 11 مئی کو پیپلز پارٹی کو تاریخی فتح سے ہمکنار کرانے کا تہیہ کر چکے ہیں – انشااللہ عام انتخابات کے نتائج ملک و قوم کی تاریخ بدل کے رکھ دیں گے –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں