نجم سیٹھی کوئی ایسا اقدام نہیں کرینگے جس سے انکی غیر جانبداری متاثر ہو: میاں منظور احمد وٹو

3-26-2013_93964_l

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ یقین ہے کہ نگران وزیر اعلی نجم سیٹھی کوئی ایسا اقدام نہیں کرینگے جس سے انکی غیر جانبداری متاثر ہو – دیپالپور میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت سوچ سمجھ کر اس منصب کے لئے انکا نام تجویز کیا تھا – لیکن مسلم لیگ ن کے منظور نظر ریٹائرڈ افسروں اور کارکنوں کی بطور کوآرڈینیٹر اور کنسلٹنٹ نامزدگیاں ختم نہ کرنا احسن اقدام نہیں ہے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وزیر اعلی سے مطالبہ کرتی ہے کہ اگر ن لیگ کے لوگوں کو انہوں نے نہیں ہٹانا تو پھر اتنی ہی تعداد میں پیپلز پارٹی کے نامزد ریٹائرڈ لوگوں اور کارکنوں کو بھی محکموں میں تعینات کیا جائے – ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے ساتھ اتحاد موجود ہے تاہم چند مقامات پر ٹکراؤ ہے جسے بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے گا – وگرنہ ان سیٹوں کو اوپن چھوڑ دیا جائے گا – الیکشن کمیشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آر او کو تازہ ہدایت جاری کر دی ہیں جس سے امید ہے کہ اب امیدواروں کی تذلیل نہیں ہو گی- کم از کم دعائے قنوت اور دیگر مطالبات نہیں ہونگے – انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی اور آرٹیکل 62 – 63 کے علاوہ غیر ضروری سوالات کرنا اور امیدواروں کا تمسخر اڑانا مضحکہ خیز عمل ہے -ان غیر شعوری اقدامات سے جمہوریت کی عمارت منہدم ہونے کا خدشہ ہے – انہوں نے کہا ہے کہ آزاد ، خودمختار اور مضبوط الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کی ضمانت ہے اور اس بات کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کی منتخب جمہوری حکومت خصوصا ” صدر مملکت آصف علی زرداری کو جاتا ہے – لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ الیکشن کمشن آمرانہ طرز عمل سے امیدواروں کی تذلیل کرے – انہوں نے کہا کہ اس سے جمہوری عمل کو فائدہ کی بجائے نقصان کا اندیشہ ہے -ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے جو بنیاد فراہم کر دی ہے اس سے پاکستان کا مقام و مرتبہ اور اقوام عالم میں وقار بلند ہو گا -انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی منتخب جمہوری حکومت نے تمام تر مشکلات ، بحرانوں اور سازشوں کے باوجود جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط بنائے –

اپنا تبصرہ بھیجیں