پیپلز پارٹی اور عوام ملکر الیکشن ملتوی کرانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے اور جمہوریت کا علم ہمیشہ سربلند رکھیں گے : میاں منظور احمد وٹو

305_209084789229284_405894153_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور عوام ملکر الیکشن ملتوی کرانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے اور جمہوریت کا علم ہمیشہ سربلند رکھیں گے – بصیر پور ، حویلی لکھا اور دیپالپور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری عناصر انتخابات ملتوی کرانے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں تاہم انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا – انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ عدلیہ ، الیکشن کمیشن اپنی غیر جانبداری برقرار رکھیں گے اور اپنی پسند نا پسند کو کسی بھی طرح انتخابی عمل پر اثرانداز نہیں ہونے دینگے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین عوامی جماعت ہے ، منفی ہتھکنڈوں سے اسے اور اس کے ووٹ بنک کو کم نہیں کیا جا سکتا – انہوں نے کہا کہ سادہ اکثریت بھی حاصل نہ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے نہ صرف حکومت و پارلیمنٹ کی آئینی مدت پوری کرنے میں کامیابی حاصل کی بلکہ جمہوریت ، جمہوری ادارے اور قومی ادارے بھی مضبوط کئے – انہوں نے کہا کہ عدلیہ ، میڈیا اور الیکشن کمیشن کی آزادی و خودمختاری کا سارا کریڈٹ صدر مملکت آصف زرداری کو جاتا ہے جنہوں نے شہید بی بی کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ہر اہم معاملہ میں اپوزیشن سمیت تمام جمہوری پارٹیوں کو اپنے ساتھ رکھا ، اپوزیشن کے نامزد کردہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کر کے انہیں خود مختاری دی اور عدلیہ کے ہر فیصلہ کو تسلیم کیا – میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کاوشوں سے دہشتگردی کا نیٹ ورک ٹوٹ چکا ہے اور انشااللہ انتخابات کے بعد اس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا – انہوں نے کہا کہ ن لیگی قائدین منفی ، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات اچھالنے کی بجائے مثبت سیاست اور مستحسن طرز عمل اپنائیں بصورت دیگر وہ عوام میں اپنی رہی سہی ساکھ بھی خراب کر لیں گے – انہوں نے کہا کہ 11 مئی کا سورج ن لیگ کی منفی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنے کی نوید لے کر طلوع ہو گا اور اسے پنجاب میں بھی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے –

اپنا تبصرہ بھیجیں