انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے عمران خان کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند کر دیں گے: منیر احمد خان

542593_234041826733580_734191998_n

پیپلز پارٹی پنجاب کے ترجمان اور انچارج پالیسی پلاننگ اینڈ میڈیا منیر احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کی سوچ اور ملکی سیاست کو کرکٹ کے ساتھ منسلک کرنا بڑی زیادتی کی بات ہے – عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 سال پہلے عمران خان نے ورلڈ کپ معجزاتی طور پر جیتا اس میں ان کی کوئی کاریگری نہیں تھی ، کرکٹ کے شائقین کی پذیرائی نے عمران خان کو آسمان پر بٹھا رکھا ہے تاہم انتخابات میں فیصلہ عوام سوچ سمجھ کر کرتے ہیں ، جذبات سے نہیں – انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 2002 ء اور 2008 ء کی طرح مایوسی ہوگی – عمران خان کی حلقوں میں کوئی پوزیشن ہے نہ وہ وہاں سے جیت سکتے ہیں – انہوں نے کہا کہ انقلاب اور تبدیلی لانے کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے عمران خان دیگر سیاسی جماعتوں کے ٹھکرائے ہوئے کرپٹ عناصر کو اپنی پارٹی میں شامل کر کے عوامی حمایت سے محروم ہو چکے ہیں اور اب بوکھلاہٹ میں الٹے سیدھے بیانات سے خود کو فریب دے رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور ابن الوقت سیاستدانوں سے انقلاب نہیں آتے ، جولوگ بڑی بڑی وزارتوں میں رہے اور تبدیلی نہیں لا سکے وہ عمران خان کے ساتھ مل کرکیا تبدیلی لائیں گے ، مایوسی انکا مقدر بنے گی – انہوں نے کہا کہ باشعور ووٹرز صرف ایسے عوامی نمائندوں کا انتخاب کریں گے جن کی حب الوطنی شک و شبہ سے بالا تر ہو اور جو کسی بیرونی قوت کا آلہ کار نہ ہو ، اس لئے عمران خان کسی خوش فہمی میں نہ رہیں بلکہ معروضی حقائق کا سامنا کریں – انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کی اور ان کے آمرانہ دور میں وزیر اعظم بننے کی کوشش کی – آج بھی ان کے گرد مشرف کے قریبی ساتھی جمع ہیں – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ، خواتین ، بچوں ، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی گئی ، 1973 ء کے متفقہ دستور کو اصل صورت میں بحال کیا گیا – آئین کے تحت پارلیمنٹ کی بالا دستی یقینی بنائی گئی جبکہ جمہوری اداروں کو استحکام ملا ، انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے عالمی دباؤ اور امریکی دھمکیاں مسترد کر کے چین اور ایران کے ساتھ تاریخ ساز معاہدے کئے جن کے مثبت اثرات پورے خطے پر مرتب ہونگے- سیاسی شعبدہ بازوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور آنے والے عام انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے ان کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند کر دیں گے –

اپنا تبصرہ بھیجیں