انتخابات کے متاثر ہونے جیسے بیانات سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال نہ پیدا کی جائے: میاں منظور احمد وٹو

DSC_0121

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ نگران وزیر داخلہ کو انتخابات کے متاثر ہونے جیسے بیانات سے ڈرانے کی بجائے عام انتخابات کو بحرصورت مقررہ وقت پر کرانے کا عزم ظاہر کرنا چاہئے – اس قسم کے بیانات سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال نہ پیدا کی جائے -دیپالپور میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان کو چاہئے کہ وہ اس عزم کا اظہار کریں کہ چاہے ہم حالت جنگ میں ہی کیوں نہ ہوں انتخابات بروقت کرائے جائیں گے اور اس ملک میں ایک بار پھر عوام کی منتخب کردہ جمہوری حکومت قائم ہو گی – انہوں نے کہا کہ اہم سیاستدانوں کو خطرات لاحق ہیں تو انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے – انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں وہ کسی کو جمہوریت کے خلاف سازش نہیں کرنے دینگے اور نہ ہی عام انتخابات ملتوی کرانے کی کوئی سازش کامیاب ہونے دینگے-انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات ملک و قوم کے مستقبل کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے نتائج دور رس اثرات مرتب کریں گے – انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید بھٹو کی فکر اور محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک میں نئے سیاسی کلچر کی بنیاد رکھی ، گوناگوں مسائل ، مشکلات ، بحرانوں اور سازشوں کا مثالی برداشت، تدبر اور حکمت کے ساتھ سامنا کیا اور اہم قومی امور پر اپوزیشن سمیت تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلے – انہوں نے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے 11 مئی کو پولنگ کا اعلان کر کے صدر زرداری نے تما م بے بنیاد خدشات غلط ثابت کر دئیے – اب یہ نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات بروقت کرائے نہ کہ اس قسم کے بیانات سے عوام میں بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرے -انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان میں بروقت شفاف الیکن کی خواہش کو سراہا- انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کو من مرضی نہیں کرنے دی جائیگی -ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو زبردستی الیکشن سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے – انہوں نے کہا کہ اب عام انتخابات قریب آئے تو جمہوریت دشمن عناصر ایک بار پھر سازشوں میں مصروف ہو گئے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آفاقی حقیقت ہے اور اسے اندر یا باہر سے نقصان پہنچانے کی سازشیں کرنے والے خود عبرتناک ناکامی اور گمنامی کے اندھیروں میں گم ہو گئے -، انہو ں نے کہا کہ اس قسم کے منفی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے پیپلز پارٹی اور شہید بھٹو کے ووٹ بنک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ، عوام ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے اور آئندہ بھی اس کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں