بلوچ قائدین کا انتخابات میں حصہ لینا اور قومی دائرے میں شامل ہونا خوش آئند ہے: میاں منظور احمد وٹو

3-26-2013_93964_l

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے بلوچ قائدین کا انتخابات میں حصہ  لینا اور قومی دائرے میں شامل ہونا خوش آئند ہے – بلوچستان کا مسئلہ اور بلوچوں کی محرومیاں اس وقت تک دور نہیں ہو سکتیں جب تک بلوچوں کی اصل قیادت سامنے نہیں آتی – دیپالپور اور بصیر پور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار اختر مینگل کے تحفظات پر میاں منظور احمدوٹو نے کہا کہ بلوچی قائدین کی پاکستان واپسی اور آئندہ انتخابات کے موقع پر پاکستان واپسی پاکستان کے مستقبل کے لئے خوش آئند ثابت ہو گی – کوئی سازش اور کوئی طاقت ، بلوچستان کے لوگوں کو انکے حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتی – پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی محرومیوں کے ازالے کی بھرپور کوشش کی اور آئندہ بھی یہ کوشش جای رہے گی – انہوں نے کہا کہ بلوچ محب وطن اور باشعور ہیں انہیں پاکستان دشمن بیرونی طاقتوں نے منصوبہ بندی کے تحت وفاق سے بدظن کرنے اور قومی اداروں سے لڑانے کی ناپاک سازش کی جسے انہوں نے جذبہ حب الوطنی سے ناکام بنا دیا ہے اور اب بلوچستان نیشنل پارٹی سمیت متعدد بلوچ سیاسی پارٹیاں عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں – انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل بددل نہ ہوں ، صدر مملکت آصف علی زرداری بلوچستان میں پائیدار امن اور تعمیر و ترقی کی رفتار بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں ، انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت نے بلوچ عوام سے ماضی میں روا رکھی گئی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے ازالہ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں – انہوں نے صدر مملکت کا منصب سنبھالتے ہی بلوچستان کا دورہ کیا اور بلوچ عوام سے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ محرومیوں اور پسماندگی کے خاتمہ کے لئے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کا اعلان کیا – میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی منتخب جمہوری حکومت اور صدر مملکت نے بلوچستان میں عوامی فلاح اور ترقی و خوشحالی کے لئے متعدد میگا پراجیکٹس شروع کرائے ، انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان مستقبل میں ملک و قوم کے لئے ترقی و خوشحالی کا مرکز ثابت ہو گا – انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کا آپریشن چین کے حوالے کرنے سے گوادر پورٹ کے فنکشنل ہونے کا عمل تیز ہو گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کی ترقی کا گیٹ وے بنے گا جس سے قومی معیشت میں استحکام و بہتری پیدا ہو گی – صنعت و تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں – انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بیرونی قوتوں کی سازش میں آلہ کار بن کر صورتحال خراب کرنے اور غلط فہمیاں بڑھانے کی کوششیں کر رہا ہے تاہم بلوچ عوام محب وطن اور باشعور ہیں جو ایسی ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے – انہوں نے یقین دلایا کہ صدر مملکت بلوچ رہنماؤں کے تحفظات دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے – انہوں نے کہا کہ قومی عسکری قیادت جمہوری سوچ کی حامل ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مشورہ مانتے ہوئے تمام بلوچ سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینا چاہئے تاکہ کوئی بیرونی سازش پنپ نہ سکے اور بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھائی جا سکے –

اپنا تبصرہ بھیجیں