اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا زیادتی اور نا انصافی ہو گی

45429_385058508267643_1287735898_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر خان نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے لئے خطیر زرمبادلہ کمانے والے اوور سیز پاکستانیوں کو ان کے حقوق ضرور ملنے چاہئیں ، انہیں بھی ووٹ کا حق دیا جائے اور اس حوالہ سے پاکستان الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے معذرت پر اظہار تاسف کیا اور کہا کہ اپنے وطن سے دور رہنے والے پاکستانی بھی اپنے ملک و قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لئے اپنے نمائندے چننے کا اتنا ہی حق رکھتے ہیں جتنا پاکستان میں رہنے والوں کو حاصل ہے – وہ دیار غیر میں محنت سے کمائی رقم وطن بھیج کر قومی معیشت مستحکم کرنے میں مصروف ہیں اور ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں – انہیں ووٹ کے حق سے محروم رکھنا زیادتی اور نا انصافی ہو گی – انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اس جانب ذاتی توجہ فرمائیں اور اس فیصلے پر فوری طور پر نظر ثانی کی جائے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے لئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور اپنوں سے دور رہ کر ملک و قوم کی خدمت کرنے والوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ اس جانب جلد توجہ دیں گے اور وطن سے دور بسنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ضرور دلوائیں گے –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں