عوام وفاق کی مضبوطی اور ملک کی بہتری کے لئے پیپلز پارٹی کا انتخاب کریں گے: میاں منظور احمد وٹو

3-26-2013_93964_l

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ہزار جھوٹ بول کر بھی ایک سچ پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی وفاق کی علامت ہے جو نہ صرف چاروں صوبوں بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یکساں مقبول ہے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک لڑی میں پرو رکھا ہے -انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی وفاق کی پارٹی ہونے کا دعوی نہیں کر سکتی ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ قوم پرست جماعتوں ، علاقائی ، صوبائی یا جی ٹی روڈ کی پارٹیوں سے ہے تاہم پاکستانی عوام باشعور ہیں اور پاکستان کے مستقبل کے لئے وفاق کی مضبوطی کے لئے اور ملک کی بہتری کے لئے پیپلز پارٹی کا انتخاب کریں گے – منفی پروپیگنڈہ سے حقائق کو جھٹلایا نہیں جا سکتا اور میں نہ مانوں کا طرز عمل اپنانے والے کسی اور کا نہیں اپنا ہی نقصان کرتے ہیں – انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ شور مچا رہے تھے کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن 2013 کے لئے امیدوار دستیاب نہیں وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مصدقہ رپورٹ دیکھ لیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین عوامی جماعت ہے اور اس حوالہ سے واحد جماعت بھی ہے – ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی ہر نشست پر اس کے نامزد امیدوار الیکشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ مصدقہ اعداد و شمار کے مطابق پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کے لئے رجوع کرنے والے امیدواروں کی تعداد تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ رہی اور مجموعی طور پر 16973 امیدواروں نے ٹکٹ کے لئے درخواستیں جمع کرائیں – انہوں نے کہا کہ دوسری بڑی جماعت ہونے کی دعویدار ن لیگ کو پیپلز پارٹی کی نسبت چوتھائی امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں دیں جن کی مجموعی تعداد 4500 رہی ، اسی بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عوام میں کونسی جماعت کتنی مقبولیت رکھتی ہے –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں