پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن اور پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری ذکریا بٹ نے سابق وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے صدر مملکت پر بے بنیاد الزامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب سے جاری مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ جیسے لوگ اپنی اوقات میں رہیں ، صدر مملکت کی ذات پر کیچڑ اچھال کر اپنا قد بڑھانے کی ناکام کوششوں سے باز رہیں – انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ بیرونی استعمار کے مہرے ہیں جو غیر ملکی قوتوں کے مفادات کے لئے نگران وزیر اعظم بننے کے لئے بھاگ دوڑ کرتے رہے مگر انہیں ناکامی ہوئی – انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم بننے کی خواہش پوری نہ ہونے پر عبدالحفیظ شیخ ذہنی توازن کھو بٹھے ہیں اور انہوں نے مخالفین کی کٹھ پتلی بن کر صدر مملکت کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے – پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے کہا کہ صدر مملکت کی خدا داد صلاحیتوں ، مدبرانہ کارکردگی ، فہم و دانش اور وسیع تر قومی مفاہمت کے لئے فقید المثال ایثار و برداشت کا ان کے مخالفین بھی برملا اعتراف کرتے ہیں ، ان کی ذات اور منصب کو متنازعہ بنانے کے لئے من گھڑت الزام تراشی انتہائی قابل مذمت فعل ہے – ایسی منفی الزام تراشی کرنے والے کٹھ پتلیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے –