پری پول دھاندلی کے الزامات لگانے والے عام انتخابات میں اپنی یقینی شکست دیکھ کر جھوٹا واویلا مچا رہے ہیں: پیپلز پارٹی

IMG_4847

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر طارق گجر،سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر اور پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر شہزاد احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر پری پول دھاندلی کے الزامات لگانے والے عام انتخابات میں اپنی یقینی شکست دیکھ کر جھوٹا واویلا مچا کر جواز تراش رہے ہیں – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسا بلا جواز جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ وہی لوگ کر رہے ہیں جن کی اپنی سیاسی تاریخ دھاندلیوں اور چور دروازہ سے اقتدار میں آنے کے واقعات سے بھری ہوئی ہے – انہوں نے اصغر خان کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آمریت کی کوکھ سے جنم لیا ، چور دروازہ سے اقتدار حاصل کیا ، خفیہ اداروں سے بھاری رقوم لے کر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور ریکارڈ الیکشن دھاندلی سے پوری دنیا میں ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بنے وہ کس منہ سے ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین عوامی جماعت کے خلاف ایسے الزامات لگا رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور اس لئے اپوزیشن کے نامزد کردہ جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراھیم کو چیف الیکشن کمشنر بناکر با اختیار بنایا – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے جو ملک بھر میں عوامی مقبولیت کے حوالہ سے تمام سیاسی جماعتوں سے بہت آگے ہے – انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے مستقبل کے حوالہ سے آنے والے عام انتخابات بہت اہمیت رکھتے ہیں اور انشااللہ اس بار بھی پیپلز پارٹی ملک بھر میں تاریخی فتح سے ہمکنار ہو گی –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں