چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے ہر بار حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کی بات کی ہے، فردوس عاشق اعوان کو چاہیے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا بیانیہ پہلے سن تو لیں: ڈاکٹر نفیسہ شاہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کو چاہیے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا بیانیہ پہلے سن تو لیں کہ آخر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کیا ہے اس کے بعد ردعمل دیں۔ فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے لیڈ لینے کی اپیل کی تھی مگر مشیر اطلاعات اسے قومی یکجہتی کو پارا پارا کرنے کے مترادف قرار دے رہی ہیں۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے ہر بار حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کی بات کی ہے اور کہا ہے کہ متحد ہو کر چلنے سے ہی کورونا وائرس کا خاتمہ ممکن ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ سندھ حکومت کی تجاویز کو سنجیدگی سے لے اور ایک ہی لائحہ عمل کو آگے لے کر چلے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہمارے وسائل زیادہ نہیں ہیں اس لئے لاک ڈاون ہی کورونا وائرس جیسی وبا کو روکنے میں مدد دے گا۔ وفاقی حکومت اجلاس میں سوچ سمجھ کر سنجیدگی سے فیصلے کرکے انسانی زندگیوں کو محفوظ کرے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل کو واضح کرنا چاہیے یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں ہے۔ آنے والے دن اہم ہیں جس کے لئے درست فیصلے کرنا ضروری ہیں۔ ہمارے پاس چین جیسے ممالک کی مثال موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی صوبہ اکیلے اس وبا سے جنگ نہیں جیت سکتا۔ وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر اور متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں