پارلیمنٹ سب سے مقدم قومی ادارہ ہے جسے آئینی بالا دستی حاصل ہے: عزیز الرحمان چن ، طارق گجر

534378_158364807634616_2104032123_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن اور طارق گجر کہا ہے کہ متفقہ قومی آئین کے تحت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی پارلیمنٹ سب سے مقدم قومی ادارہ ہے جسے آئینی بالا دستی حاصل ہے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں اہم پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ یہ بات نہ بھولے کہ قانون سازی اور ملک و قوم کی تقدیر کے اہم ترین فیصلوں کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے اور وہی ان فیصلوں میں رد و بدل ، ترمیم یا تنسیخ کا اختیار بھی رکھتی ہے – الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی کے حوالہ سے دئیے گئے حالیہ بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو یہ بات پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اسے با اختیار ادارہ بھی پارلیمنٹ نے ہی بنایا ، اگر الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کی وقعت یا آئینی حیثیت کم کرنے کی کوشش کرے گا تو وہ یقیناًغلطی پر ہو گا اور اسے اپنی غلطی، غلط فہمی یا خوش فہمی کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑ سکتا ہے – پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پارلیمنٹ اور عوام کے منتخب نمائندوں کی تضحیک ، حق تلفی یا کسی بھی قسم کی نا انصافی کو عوام کسی بھی صورت معاف نہیں کریں گے – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام معاملات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اگر معاملات کی فوری اصلاح نہ ہوئی تو پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ میں زیر بحث لائے جائیں گے اور ضروری ہوا تو آئینی ترامیم بھی کی جا سکتی ہیں – انہوں نے آئین کی دفعات 62-63 کے حوالہ سے سینیٹ میں زیر بحث آئینی ترمیم کو بھی اسی سلسلہ سے مربوط قرار دیا –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں