چندے مانگنے اور غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی پر نظر رکھنے والے کبھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے: تنویر اشرف کائرہ, راجہ عامر خان

541624_383063468467147_2098360362_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر خان نے کہا ہے کہ چندے مانگنے اور غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی پر نظر رکھنے والے کبھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے اور نہ ہی کوئی تبدیلی لانے کے اہل ہو سکتے ہیں – مختلف وفود سے ملاقاتوں اور میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں انہوں نے بہت دھوکے کھائے ہیں تاہم اب کسی دھوکے فریب یا شعبدہ بازی کا شکار نہیں ہو سکتے – انہوں نے کہا کہ ” قرض اتارو ، ملک سنوارو ” سکیم کے لئے پوری قوم نے دل کھول کر عطیات دئیے مگر کھربوں روپے وصول کرنے والوں نے آج تک یہ بتانا بھی گوارا نہیں کیا کہ اس رقم کو کہاں استعمال کیا گیا – انہوں نے کہا کہ قرض اتاروں ملک سنوارو سکیم کے ذریعے غریب عوام سے کھربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک کاروبار اور فیکٹریاں بنانے والے کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے – پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے عمران خان کی جانب سے قائم کردہ ” نیا پاکستان فنڈ ” کو بھی اسی قسم کی نئی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کی نگاہیں غریب عوام کی جیبوں پر لگی ہوں وہ بھلا ملک و قوم کی کیا خدمت کر سکتے ہیں – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر بے جا تنقید کرنے والے معروضی حقائق کو جھٹلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں – انہیں یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ عوام دلفریب نعروں ، جھوٹے وعدوں اور اپنے عیب چھپانے کے لئے دوسروں پر بے سرو پا الزام تراشیوں سے کسی کو ووٹ نہیں دینگے بلکہ صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہی اپنی نمائندگی کا حق تفویض کریں گے – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اسلام ، پاکستان ، عوام اور جمہوریت کے لئے اپنی طویل خدمات ، عظیم قربانیوں اور جہد مسلسل کے باعث آنے والے عام انتخابات میں فقید المثال کامیابی ملے گی جبکہ ذاتی مفادات کے اسیر اور منفی سوچ رکھنے والوں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں