پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر عزیز الرحمان چن اور طارق گجر نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاہے کہ پنجاب میں گذشتہ چار برس سے ایک ہی عہدہ پر تعینات سات اہم صوبائی سیکرٹریز کو فی الفور تبدیل کیا جائے کیونکہ وہ شریف برادران کے چہیتے ہیں اور ان کی موجودگی میں شفاف انتخابات کاانعقاد ممکن نہیں – پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چار سال سے تعینات داخلہ ، خزانہ ، صحت ، خصوصی صحت ، ہائیر ایجوکیشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سکولز کے صوبائی سیکرٹریز شاہد خان ، طارق باجوہ ، آصف ندیم ، بابر حیات تارڑ ، اسلم کمبوہ ، مبشر رضا اور عارف انور بلوچ شریف برادران کے ایسے سات پیارے ہیں جن کی تمام تر ہمدردیاں اور جذباتی وابستگیاں ن لیگ کے ساتھ ہیں – ان کی موجودگی میں تمام جمہوری پارٹیوں کو شفاف انتخابات کے حوالہ سے شدید تحفظات لاحق ہیں – پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ن لیگ کی جانب سے اپنی نامزدگی کو اپنی مجبوری یا کمزوری نہ بنائیں اور خود کو ن لیگ کا نہیں بلکہ پوری قوم کا حقیقی خیر خواہ ثابت کرتے ہوئے فی الفور شریف برادران کے ان سات پیاروں کو تبدیل کرنے کا حکم دیں بصورت دیگر ان کی اپنی غیر جانبداری میں بھی شکو ک و شبہات پیدا ہو جائیں گے –