نواز شریف توانائی بحران کو پیپلز پارٹی کے کھاتے میں ڈالنے کے بجائے عوام کو سچ بتائیں: تنویر اشرف کائرہ, راجہ عامر خان

541624_383063468467147_2098360362_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر خان نے کہا ہے کہ جھوٹ اور منفی پروپیگنڈہ سے حقائق جھٹلائے جا سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کی ہمدردی حاصل ہو سکتی ہے – حافظ آباد میں ن لیگ کے صدر نواز شریف کے خطاب کے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف توانائی بحران کو پیپلز پارٹی کے کھاتے میں ڈالنے کے بجائے عوام کو سچ بتائیں کہ پاکستان میں توانائی بحران کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ن لیگ اور وہ خود ہیں – انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے متعدد اہم اقدامات اٹھائے جن میں قومی و بین الاقوامی نجی پاور کمپنیوں سے 24000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی شامل تھا – عوام یہ حقیقت کبھی نہیں بھول سکتے کہ ن لیگی قیادت نے اپوزیشن کی حیثیت سے اس منصوبہ کی بھرپور مخالفت کی پھر جب ن لیگ اقتدار میں آ گئی تو 1997 ء میں توانائی بحران حل کرنے کے لئے بینظیر دور کے کئے گئے تمام معاہدے منسوخ کر دئیے گئے اور نواز شریف کی یہ بڑھک تمام اخبارات کی شہ سرخی بنی کہ بجلی پیدا کرنے کے معاہدے کرنے والوں کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرائیں گے – انہوں نے کہا کہ نواز دورمیں حبکو دفاتر پھر چھاپے مار کر سارا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا اور غیر ملکی عملے کو قونصل خانوں میں پناہ لینا پڑی – انہوں نے کہا کہ اسی طرح ستارہ انرجی کی جانب سے فیصل آباد ریجن کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنا بجلی گھر چلانے کی اجازت مانگی تو سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے انہیں پیپلز پارٹی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے یہ کہہ کر اجازت دینے سے انکار کر دیا کہ اس طرح ن لیگ کے پاس پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ کے لئے کوئی بڑا ایشو نہیں رہے گا – انہو ں نے کہا کہ توانائی بحران کے اصل ذمہ دار شریف برادران خود ہیں اور یہ بات عوام اچھی طرح جانتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شریف برادران سنجیدہ اور تعمیری ، عوامی سوچ اپنائیں اس طرح کے جھوٹ اور شعبدے انہیں فائدے کی بجائے نقصان پہنچائیں گے –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں