Govt graph on a steep decline, PPP will win the next election: Mian Manzoor Wattoo

DSC_3374

حجرہ شاہ: پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کی مداخلت پر بلدیاتی انتخابات رواں سال میں ہونگے،حلقوں کی بندر بانٹ اور توڑ پھوڑ کا سلسلہ بھی ٹھپ کر دیا گیا ،سول انتظامیہ کی بجائے عدلیہ نگرانی کریگی، حکومتی گراف دن بدن گر رہا ہے آئندہ پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی روانگی سے قبل موضع امان والا میں پارٹی عہدیداران و کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر تنظیم سازی کا عمل جاری ہے کوئی بھی پارٹی تنظیم،اتحاد اور نظم و ضبط کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کر سکتی ،انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی مثال دی اور کہا کہ وہ گذشتہ بیس سال سے برطانیہ میں مقیم ہو کر بھی پارٹی کو مضبوطی کے ساتھ چلا رہے ہیں جسکی بڑی وجہ انکی کراچی اور حیدر آباد میں تنظیم سازی کا عمل ہے ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں از سر نو تنظیم سازی کی جا رہی ہے اور اس عمل کو ہم اتنا مضبوط بنا نا چاہتے ہیں کہ جس کے سامنے کوئی دیوار کھڑی نہ کی جا سکے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں میاں شہباز شریف ٹینٹ لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتا رہا اور ہماری حکومت پر لوڈ شیڈنگ جیسے الزامات عائد کئے گئے جبکہ موجودہ حالات میں ملک بجلی،گیس اور پانی سے محروم کر دیا گیا جسکی بڑی وجہ کار خانہ دار حکمران ٹولہ کا قوم پر مسلط ہوجانا ہے ،میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا کہ تکینکی دھاندلی سے حکومت حاصل کرنے والی ن لیگ کا سورج طلوع ہونے سے قبل ہی غروب ہونے جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے نانا قائد عوام اور والد ہ قائد جمہوریت کہلائے جنھوں نے ملک وقوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے تو پیش کر دیئے مگر قوم کا سر شرم سے جھکنے نہیں دیا،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اپنے قائد بلاول بھٹو کا فقید المثال استقبال کر کے ثابت کرینگے کہ آئندہ ملک سمیت پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی ،بعد ازاں وہ چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کے سلسلہ میں کراچی روانہ ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں