پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں: منیر احمد خان

542593_234041826733580_734191998_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے انچارج پالیسی پلاننگ اینڈ میڈیا منیر احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ اولیت دی ، انتخابات میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کو آزاد کرائیں گے – پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا انتخابی نعرہ ہی کشمیر کی آزادی ہے ، پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور ان کی ہر ممکن اخلاقی ، اصولی مدد کی – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جراتمندانہ اقدام سے مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے روبرو اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عزم ظاہر کیا ، منیر احمد خان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے مسلسل جدوجہد کی جبکہ اپنے دو مرتبہ کے اقتدار میں انہوں نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے – انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری متعدد بار مسئلہ کشمیر کو منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرا چکے ہیں ، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر کو جراتمندانہ انداز سے اجاگر کر کے اقوام عالم کو باور کرایا کہ جنوب مشرقی ایشیا ہی نہیں پوری دنیا کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے – منیر احمد خان نے کہا کہ گذشتہ روز آزاد جموں کشمیر کونسل اور کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کی اور بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر ظلم بند کر کے انہپیں حق خود ارادیت دے ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھا جا سکتا ، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور مظلوم کشمیری عوام کی 65 سالہ طویل جدوجہت بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہونے والی ہے –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں