پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں ہرانا کسی سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں: میاں منظور احمد وٹو

ppp-to-announce-punjab-candidates-today-1365636174-9215

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں ہرانا کسی سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں ، انہوں نے دہشتگردی اور انتخابی ریلیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر نگران حکومت ، الیکشن کمیشن ، عدلیہ اور متعلقہ اداروں سے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرنے کا مطالبہ کیا – دیپالپور میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عوام میں پیپلز پارٹی کی طرح گہری جڑیں رکھتی ہے اور نہ ہی اس کی عوامی خدمات پیپلز پارٹی کے ہم پلہ ہیں – میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے جس نے ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت ، کارکنوں اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دیں – انہوں نے کہا کہ ہر دور میں عوام اور ان کی پسندیدہ جماعت پیپلز پارٹی کے خلاف طرح طرح کی سازشیں کی گئیں مگر یہ تمام سازشیں ناکام رہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر غیر جمہوری قوت خصوصا” آمریتوں کے خلاف عوام کے شانہ بشانہ رہی جبکہ مخالفین فوجی آمریتوں سے مک مکا کر کے ملک و قوم پارٹی اور کارکنوں کو آمریت کے رحم و کرم پر چھوڑ کر جدہ کے شاہی محل میں جا بسے تھے – انہوں نے کہا کہ اسی معاہدہ کے تحت سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کو نشان عبرت بنانے کی دعویدار ن لیگ ان کی وطن واپسی پر مجرمانہ چپ سادھے ہوئے ہے – اور لیگی قیادت کی جانب سے تمام پارٹی عہدیداروں کو پرویز مشرف کے خلاف کسی قسم کی بیان بازی سے بھی منع کر دیا گیا ہے – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی ایٹمی پروگرام سے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، ایٹمی میزائل ٹیکنالوجی سے ترقی یافتہ اقوام کے ہم پلہ ہونے میں کامیابی حاصل کی ، عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ معاہدوں سے خارجہ پالیسی کو جراتمندانہ اور خود مختار بنیاد پر استوار کر کے قومی وقار میں اضافہ کیا – انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس ابھی تک پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے خواب تو ہیں مگر تعمیر پانا ممکن نہیں – انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور انتخابی ریلیوں پر حملوں کے پیش نظر الیکن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور امیدواروں کو مکمل تحفظ کی فراہمی یقینی بنائے ، انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے دہشتگرد حملوں سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے ، انہوں نے حکومت ، الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے اس جانب فوری توجہ دینے اور عام انتخابات کا عمل سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے – انہوں نے کہا کہ عام انتخابات جمہوری عمل کے استحکام کی بنیاد ہیں اور ہر عاقل و بالغ پاکستانی کو ان میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے – انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور انتخابی عمل کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے – متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے انتخابی عمل کو پر امن بنائیں – انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور گرد و پیش پر کڑی نظر رکھتے ہوئے انتخابی عمل سبوتاژ کرنے والوں کی سازش کو ناکام بنائیں –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں