ن لیگ دہشتگردوں اور معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے انتہا پسند گروہوں کی سرپرست اور حامی ہے: تنویر اشرف کائرہ

541624_383063468467147_2098360362_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے انتہا پسند کالعدم تنظیموں اور طالبان کی حمایت میں بیانات سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ ن لیگ دہشتگردوں اور معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے انتہا پسند گروہوں کی سرپرست اور حامی ہے – لالہ موسی اور کھاریاں میں انتخابی جلسوں سے خطاب میں تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں اصل مقابلہ ہی طالبان کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہے ، دہشتگردی ، فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے عاجز آئے عوام انتہا پسندوں کے ساتھیوں ، حامیوں اور سرپرستوں کو عبرتناک شکست دینے کے لئے متحد ہو چکے ہیں – انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے باعث پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑرہا ہے – اس خطے اور پوری دنیا کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے پاکستان کی حکومت ، مسلح افواج اور عوام بے پناہ قربانیاں دے چکے ہیں ، ہزاروں جانوں کے نذرانے پیش کوے جا چکے ہیں جبکہ قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے تاہم حکومت پاکستان ، پاک فوج اور پاکستانی عوام دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے آہنی عزم سے ڈٹے ہوئے ہیں ، دہشتگردی کا نیٹ ورک ٹوٹ چکا ہے اور اب انتہا پسندوں کے ساتھ آخری معرکہ جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بھرپور عوامی تائید اور تازہ مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آ کر دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے ساتھ فیصلہ کن جہاد کرے گی اور اس عذاب کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دے گی – انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے انتہا پسندوں سے قریبی روابط اب کوئی راز کی بات نہیں رہے ، نواز شریف نے محترمہ بینظیر بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے اسامہ بن لادن سے بھی بھاری رقم بٹوری تھی ، انہوں نے کہا کہ عوام ملکی سالمیت اور امن و استحکام کے لئے کوئی بھی قیمت اور قربانی دینے کے لئے تیار ہیں وہ کسی بھی قیمت پر انتہا پسندوں اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی حمایت و سرپرستی کرنے والی ن لیگ کو پھر کبھی اقتدار میں نہیں آنے دینگے – انہوں نے الیکشن کمیشن ، عدلیہ ، اور قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں سے نواز شریف کے طالبان نواز بیانات کا سنجیدگی کے ساتھ فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں