صدر پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ عوام آج اپنے ووٹ کی طاقت سے مفادات کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر کے پنجاب سمیت پاکستان میں پیپلز پارٹی کو کامیاب کر کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے – اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غریب کو اسکی پہچان کرائی ، پیپلز پارٹی کی منتخب جمہوری حکومت نے شہید بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مزدوروں کو قومی صنعتوں میں باقاعدہ حصہ دار بنایا ، سوشل سیکورٹی اور اولڈ ایج ایمپلائز بینیفیٹ سکیم ، انشورنس اور دیگر مراعات دیں – اسی طرح گندم سمیت مختلف اجناس کی امدادی قیمت بڑھا کر کسانوں کے مسائل حل کرنے کی جانب ٹھوس پیشرفت کی گئی جبکہ زرعی ٹیوب ویل کے فلیٹ ریٹ مقرر کر کے انقلابی اقدام اٹھایا گیا – انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کو شہروں کے برابر لانے کے لئے پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے – میاں منظور احمدوٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے متعدد اہم اقدامات اٹھائے جن میں قومی و بین الاقوامی نجی پاور کمپنیوں سے 24000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی شامل تھا – عوام یہ حقیقت کبھی نہیں بھول سکتے کہ ن لیگی قیادت نے اپوزیشن کی حیثیت سے اس منصوبہ کی بھرپور مخالفت کی پھر جب ن لیگ اقتدار میں آ گئی تو 1997 ء میں توانائی بحران حل کرنے کے لئے بینظیر دور کے کئے گئے تمام معاہدے منسوخ کر دئیے گئے اور نواز شریف کی یہ بڑھک تمام اخبارات کی شہ سرخی بنی کہ بجلی پیدا کرنے کے معاہدے کرنے والوں کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرائیں گے – انہوں نے کہا کہ نواز دورمیں حبکو دفاتر پھر چھاپے مار کر سارا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا اور غیر ملکی عملے کو قونصل خانوں میں پناہ لینا پڑی – انہو ں نے کہا کہ توانائی بحران کے اصل ذمہ دار شریف برادران خود ہیں اور یہ بات عوام اچھی طرح جانتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شریف برادران سنجیدہ اور تعمیری ، عوامی سوچ اپنائیں اس طرح کے جھوٹ اور شعبدے انہیں فائدے کی بجائے نقصان پہنچائیں گے – پاکستان پیپلز پارٹی کے مقابل نہ کوئی سیاسی جماعت ہے اور نہ آئندہ پچاس سال تک کوئی پارٹی اس قابل ہو سکے گی-
