جیالوں کے حوصلے بلند ہیں اور اپنا کردارادا کرنے کے لئے اپنی قیادت کے ایک اشارے کے منتظر ہیں: منیر احمد خان

947110_418512368255590_1318931797_n

منیر احمد خان :انچارج پالیسی پلاننگ اینڈ میڈیا پی پی پی پنجاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نہ کبھی ختم ہوئی ہے نہ کبھی ختم ہو سکتی ہے ۔اسے ختم ہوتے دیکھنے کی حسرت مخالفین اپنے دل میں ہی دبائے رکھیں ۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کے حوصلے بلند ہیں اور اپنا کردارادا کرنے کے لئے اپنی قیادت کے ایک اشارے کے منتظر ہیں- پیپلز سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس شہید بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور بلاول بھٹو جیسی لیڈر شپ نہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی محروم طبقات ،غریبوں اور کارکنوں کی پارٹی ہے جس کی قیادت نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں – انہوں نے کہاکہ شہید بی بی محترمہ بینظیر بھٹو کو بہت ڈرایا گیا ،راستے بدلنے کا کہا گیا مگر وہ چٹان کی طرح ڈٹی رہیں اور کہا کہ وہ پاپا سے کئے گئے وعدہ کو ہر قیمت پر نبھائیں گی اور پھر دنیا نے دیکھا کہ وہ اپنے شہید باپ کی عظیم بیٹی ملک و قو م اور جمہوریت پر قربان ہو گئیں ،انہوں نے کہا کہ صدرمملکت نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن پر عمل کرتے ہوئے مثالی قوت برداشت،حوصلے،بہادری تدبر اور وسیع تر قومی مفاہمت کی پالیسی پرانتہائی صبروتحمل اور استقامت کے ساتھ عمل پیرا ہو کرمخالفین کی ہر سازش ناکام بنایا۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال پورے کئے اور جمہوری انداز سے ایک منتخب جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل کرنے کی روایت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بیش قیمت قربانیاں دیں اور جمہوری استحکام کے لئے حالیہ عام انتخابات کو صاف شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے میکنزم بھی پیپلز پارٹی نے بنایا تھا ، الیکشن کمیشن کو خود مختار ادارہ بنایا گیا -انہوں نے کہاکہ مستقبل میں پیپلز پارٹی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور اہم قومی امور میں بطور اپوزیشن اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کا تسلسل چاہتی تھی جسکی وجہ سے پیپلز پارٹی کو اتحادی حکومتیں بنانا پڑیں – انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نئے عزم کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی –

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں