تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کر کے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیوں کی اپنی روایت کو آگے بڑھایا ہے: میاں منظور احمد وٹو

IMG_6769

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی ، انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی تاہم پیپلز پارٹی نے جمہوری استحکام کے لئے نتائج کو تسلیم کیا ۔پارٹی اجلاس کے بعد بلاول ہاؤس لاہورکے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے پارٹی رہنماؤں ، کارکنوں اور پنجاب سے ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ انتخابی شکست کے عوامل پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا جبکہ نئے عزم سے پارٹی کو فعال و متحرک کرنے ، بلدیاتی انتخابات اور دیگر اہم امور پر بھی مشاورت کی گئی ۔بعد ازاں پارٹی وفود سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی ۔صوبوں کے درمیان نفرتوں کو ختم کر دیں گے ۔ اپنے دور حکومت میں جو کچھ عوام کے لئے کر سکتے تھے کیا ہے اب عنقریب وہ دور آئیگا کہ لوگ پیپلز پارٹی کی حکومت کو اچھے الفاظ میں یاد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے کامیابی کے فورا” بعد ہی عوام کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ دیدیا ہے اور کرسی سنبھالنے کے بعد اس بات کو نگران حکومت کے کھاتے ہیں ڈال دیا جائے گا ۔لیکن سب جانتے ہیں کہ کن کے احکامات چلنا شروع ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ن لیگ نے ملک میں صوبائیت کو فروغ دیا ، شہباز شریف اپنی تقاریر اور جلسے جلوسوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو بنیاد بنا کر سندھ پر الزام تراشی کرتے رہے اور مستقبل میں بھی صوبائیت کو فروغ دے کر نفرتیں پیدا کر سکتے ہیں ۔ لیکن پیپلز پارٹی ایسی ہر سازش کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہیگی- انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طاقتیں خطے میں کچھ کرنا چاہتی ہیں اس لئے انہوں نے اپنے کردار خیبرپختواہ اور وفاق میں بٹھا دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کو بھرپور عوامی مینڈیٹ حاصل ہے ، پیپلز پارٹی ماضی میں جن علاقوں سے کامیاب نہیں ہو سکی تھی اس مرتبہ وہاں بھی کامیابی حاصل کی ہے ، اس لحاظ سے یہ بات تو طے ہے کہ پیپلز پارٹی اب بھی عوام کی مقبول اور واحد وفاقی پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انشااللہ اپوزیشن میں بھی اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی روایتی منفی اور مفاد پرستی پر مبنی سیاست کے خاتمہ ، وسیع تر قومی مفاہمت اور مثبت سیاست کے فروغ کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کر کے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیوں کی اپنی روایت کو آگے بڑھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں موثر ، سنجیدہ اور حقیقی اپوزیشن کا کردار پوری ذمہ داری سے نبھائے گی اور ملک و قوم کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی صورتحال اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور قومی کردار ادا کرے گی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن شہید بھٹو کی فکراور شہید بی بی محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو بلاول بھٹو کی قیادت میں آگے بڑھائیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ عوامی مسائل اور امنگوں کا حقیقی ادراک رکھنے والی سب سے بڑی عوامی جماعت کی حیثیت سے پاکستان پیپلز پارٹی اہم قومی امور میں عوامی نمائندگی کرتی رہے گی ۔ اور آنیوالے بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کر کے عوامی خدمت کا تسلسل برقرار رکھے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں