پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما اشفاق جلیانہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ عہد حکومت میں عوامی خدمات کی شاندار خدمات کی قابل قدر مثالیں رقم کیں ۔پیپلز سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 75 لاکھ گھرانوں کے 5 کروڑ سے زائد مستحقین کی مالی اعانت ’ توانائی بحران ،سے نمٹنے کے لئے بھاشا دیامرڈیم اور پاک ایران گیس معاہدہ سمیت متعد د قلیل مدتی اور طویل المیعاد منصوبے شروع کئے گئے ، 1973 ء کے متفقہ آئین کو اصل صورت میں بحال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 158فیصد اضافہ ، پنشن معاہدے ، روس سے تعلقات کی بحالی،علاقائی تعاون برائے ترقی کے فروغ اور خارجہ پالیسی کو جراتمندانہ خطوط پر استوار کر کے قومی امنگوں سے ہم آہنگ کرنے جیسے انقلابی اقدامات پیپلز پارٹی کے کریڈٹ پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے اپنے قائدین کی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی پیپلز پارٹی نے جمہوری استحکام کے لئے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا ہے اور نئی حکومت کے ساتھ تعاون کااعلان بھی اس حوالہ سے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معروضی حقائق اور ٹھوس شواہد منظر عام پر آنے کے بعد انتخابی ہار جیت کے حوالہ سے فضول بیان بازی اور الزامات کا سلسلہ ختم کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔