بلاول بھٹو زرداری نیازی سے جان چھڑوانے کیلئے قومی قیادت کو متحد کر رہے ہیں: سید حسن مرتضیٰ

لاہور: پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سونامی خان نے ہر طرف تباہی مچا دی ، اسے اب روکنا ہوگا ،
مافیاز نے سہولتکاری کر کے نیازی کو حکومت دلوائی اب مافیاز حکومت کر رہے ہیں ، گلا پھاڑ پھاڑ کر اور ہاتھ اچھال اچھال کر تقریر کرنے سے ملک نہیں چلا کرتے .

پیپلز پارٹی رہنما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیازی کے دائیں بائیں وہ مافیاز بیٹھے ہیں جو بحران پیدا کر کے مال بنا رہے ہیں ،
آٹا ، چینی ، ادوہات اور پیٹرول کے بحران عمران خان نے خود پیدا کروائے ، نیازی کا طریقہ واردات ہے کہ پہلے اشیاء غائب کرو اور پھر مہنگی کر کے مال بنائو .

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آٹے ادویات، چینی اور پیٹرول کے بحران سے مافیاز نے کھربوں کمائے ہیں ، عمران نیازی جس بحران کا نوٹس لیتا ہے وہ مزید شدید ہو جاتا ہے ، اگر نیازی ڈاکوں میں ملوث نہیں تو ادویات ، چینی اور آٹے کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہوئیں ؟

انہوں نے کہا کہ یہ مافیاز عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر حصہ بنی گالہ پہنچا رہے ہیں ، جو نیازی کا سالہا سال سے گھر چلاتے رہے وہی اس لوٹ مار میں ملوث ہیں ، اب نیازی کو گھر بھیجے اور احتساب کے کٹہرے میں لائے بنا ملک نہیں چل سکتا، بلاول بھٹو زرداری نیازی سے جان چھڑوانے کیلئے قومی قیادت کو متحد کر رہے ہیں ، اب اگر اسے مزید برداشت کیا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا .

اپنا تبصرہ بھیجیں