پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر شفقت تنویر کی میکسیکو میں ہونیوالی سوشلسٹ انٹر نیشنل کونسل میں شرکت، پیپلز پارٹی کی عالمی فورم پر نمائندگی کا اعزاز

 

نیویارک ، میکسیکو (خصوصی رپورٹ ) پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر شفقت تنویر نے اس سال میکسیکو میں ہونیوالی سوشلسٹ انٹر نیشنل کونسل کی عالمی میٹنگ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی کی ۔ میکسکو کے دارلحکومت میکسیکو سٹی میں منعقد ہونیوالی اس عالمی کانفرنس جس میں میکسیکو کے صدر سمیت دنیا کے اہم ممالک کے وزراءاعظم ، وزراءاور اعلیٰ حکومتی و سیاسی حکام شریک تھے ، میں پاکستان پیپلز پارٹی کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی تھی ۔ پیپلز پارٹی کے کو چئیرمین آصف علی زرداری کی ہدایت پر پارٹی کی جانب سے اس کانفرنس میں پارٹی کی نمائندگی کے لئے پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر شفقت تنویر کو نامزد کیا گیا۔یوں شفقت تنویر کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ دوسری بار اس عالمی کانفرنس میں پارٹی کی نمائندگی کے لئے شریک ہوئے ۔میکسیکو سے پہلے انہوں نے کوسٹا ریکو میں سوشلسٹ انٹر نیشنل کانفرنس میں شرکت کی تھی ۔


میکسیکو سٹی میں تین روز تک جاری رہنے والی کانفرنس میں میکسیکو کے صدر ،ہالیڈ ، یونان اور آسٹریا کے وزراءاعظم شریک ہوئے ۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے اہم عہدیداران اور وزراءشریک ہوئے ۔اس سال کانفرنس میں تین اہم موضوعات ،عالمی معاشیات ، امن اور جمہوریت کا استحکام اور مضبوطی رکھے گئے تھے جن پر شرکاءنے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دنیا میں معاشی استحکام، معاشی انصاف و برابری ، امن اور جمہوریت کی جڑوں کی مضبوطی کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور ڈکٹیٹر شپ خواہ وہ کسی بھی قسم میں موجود ہو، کو ہر حال میں ناقابل قبول قرار دیا گیا۔
شفقت تنویر نے پاکستان کی اہم سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی جو کہ ملک میں چار مرتبہ اقتدار میں رہی اور جس کی جمہوری نظام کے لئے بڑی خدمات ہیں ، کے تاریخی پس منظر ، نظرئیہ، افکار، خدمات ، جدوجہد اور کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے پارٹی کی رہنما بے نظیر بھٹو کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ماننا ہے کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنا پڑتی ہے ۔ عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جمہوریت کے قیام اور استحکام کے ساتھ آپ اپنے ساتھ ہونیوالی ہر زیادتی کا انتقام لے لیتے ہیں ۔شفقت تنویر نے کہاکہ پاکستان میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو ، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت پارٹی کے ساتھیوںنے جمہوریت کے لئے لا زوال قربانیاں دیں ۔پاکستان میں جمہوری نظام کو بحال کیا، قائم کیا اور اب اس کے استحکام کے لئے کو چئیرمین آصف علی زرداری اور سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔
دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے شفقت تنویر نے کہا کہ ہمیں اس افریت کا مقابلہ بھی جمہوری نظام حکومت کے ذریعے کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کسی بھی بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے فیصلے اور اقدام کئے جائیں کہ جن کے ساتھ عوام کی منشاءہو ۔شفقت تنویر نے سوشلسٹ انٹر نینشل کونسل کے سیکرٹری جنرل لوئیس آئیلا کا اپنی اور پارٹی قیادت کی جانب سے خصوصی شکرئیہ ادا کیا کہ جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اس عالمی فورم پر نمائندگی کا خصوصی موقع فراہم کیا ۔


کانفرنس سے واپسی پر نیویارک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شفقت تنویر نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت ،میرے لئے نہ صرف ایک اعزاز کی بات ہے بلکہ وہ اعتماد ہے کہ جو کو چئیرمین آصف علی زداری، فوزیہ حبیب اور پارٹی قیادت نے مجھ پر کیا ہے جس کے لئے میں ان کا دل کی گہرائیوں سے مشکور ہوں ۔انہوں نے کہاکہ سوشلسٹ کانفرنس میں عالمی سربراہان حکومت و اہم شخصیات سے اہم ملاقاتوں کا موقع ملا جن میں ، میں نے انہیں پارٹی کے پاکستان میں قومی و عالمی کردار کے بارے میں آگاہ کیااور اہم امور پر پارٹی کا نکتہ نظر پیش کیا۔ شفقت تنویر نے کہا کہ دنیا آج بھی پاکستان کو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے حوالے سے جانتی ہے اور سوشلسٹ کانفرنس میں اہم شخصیات نے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان میں آج جو جمہوری و سیاسی نظام قائم ہے ، اس کا کریڈٹ پیپلزپارٹی ، اس کی قیادت اور اس کی قربانیوں اور خدمات کو جاتا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں