مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات :وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی برادیروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیئے ہیں ، آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں مسیحی برداری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقلتیوں کی بھی نمائندہ جماعت ہے اور ان کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وفد کی طرف سے سیکوریٹی خدشات کے اٹھائے گئے سوالات پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کراچی کو سیکوریٹی مسائل حل کرنے اور عیسیٰ نگری میں مقیم مسیحی برداری کو درپیش مسائل کے فوری سدباب کے لئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی سندھ پولیس اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اقلیتی برادری کے لئے فول پروف سیکوریٹی اقدامات اٹھانے اور متعلقہ علاقوں میں اقلیتی برادری کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو بھی مسیحی برادری کو درپیش مسائل کے فوری سدباب کے لئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں مزید بتایا کہ حکومت سندھ نے سندھ پولیس میں اقلیتی برادری کے جوان بھی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن کو اقلیتی برادری ،اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات اور ان کی و عبادگاہوں پر تحفظ کے لئے مقر رکیا جائے گا تاکہ اقلیتی برادری میں احساس محرومی ختم ہو اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے فلاح وبہبود کے لئے رواں مالی سال 2014-15 میں کئی پروگرام رکھے گئے ہیں ۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفتر میں ہفتے کے چار دن موجو د ہوتے ہیں جبکہ باقی دن اندرون سندھ اقلیتی برادری کے لئے خصوصی ترقیاتی پروگرام کی ذاتی طو ر پر نگرانی کرنے ، اقلیتی برادری کے مسائل سننے اور اقلیتی عبادگاہوں کے تحفظ و دیگر امور کی بذات خود نگرانی کرتے ہیں ۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے افراد کو کسی بھی درپیش مسئلے کی فوری حل کے لئے ان کے دفتر آنے اور انتظامیہ سے رابطہ کرنے کا مشورہ اور دعوت دی ۔ مسیحی وفد کی جانب سے عیسیٰ نگری کی دعوت قبول کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے جلد سے جلد عیسیٰ نگری کا دورہ کرنے اور مسیحی برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشدربانی جوکہ اقلیتی کمیٹی کے بھی رکن ہیں نے بتایا کہ کراچی میں -3 بڑے گر جا گھر واں سمیت -20 گرجا گھر واقع ہیں جن کو مکمل تحفظ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے سیکورٹی خدشات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں