مہنگائی کا بم پھوڑنے کیلئے کیا حکمرانوں کو عید کا دن ہی ملا تھا: قمر زمان کائرہ

لاہور : پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ احتساب کے بارے میں جعلی حکومتی بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے۔صرف اپوزیشن جماعتوں کو حدف بنایا جارہا ہے۔حکومت نے اب تک جتنے وزیر اور مشیر فارغ کئے ہیں۔ان پر کرپشن الزامات کے باوجود ان کے خلاف انکوائری ہوئی نہ ان کے مقدمات نیب کو بھیجے گئے۔ان سب لوگوں کو این آر او دے کر گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ آج بھی حکومت میں درجنوں مشیر اور معاون خصوصی ایسے ہیں جو ار ب پتی ہیں۔جن کے مفادات کا ٹکراؤ براہ راست حکومتی کمرشل اداروں سے ہے، مگر ان پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال رہا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نااہلی اور نالائقی چھپانے کیلئے حکومتی وزراء کھوکھلی باتوں اور الزام تراشیوں سے اپنے وقت کو دھکا لگا رہے ہیں۔ عوام پر مہنگائی اور بیروزگاری کاعذاب مسلط ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کرونا سے عید کی خوشیاں پہلے ہی محدود تھیں رہی سہی کسر حکومت نے نکال دی۔مہنگائی کا بم پھوڑنے کیلئے کیا حکمرانوں کو عید کا دن ہی ملا تھا۔سفاک اور فاشسٹ حکمران عوام کو ہر لمحے دکھ دینا نہیں بھولتے۔مہنگائی نے پہلے ہی غریبوں کی کمر توڑ رکھی ہے اب مزید مہنگائی بڑھے گی۔سلیکٹڈ حکومت عوام دشمن ہتھکنڈوں پر کبھی شرمندہ بھی نہیں ہوتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں