Yousaf Raza Gilani nae Supreme court mein pesh ho ker ghaliti ki : Attorney General Irfan Qadir

پاکستان کے اٹارنی جنرل عرفان قادر کا کہنا ہے کہ اب تک جتنے بھی وزراء اعظم نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا وہ توہین عدالت کے خوف سے کیا ہے۔

یہ بات اٹارنی جنرل نے این آر او یعنی قومی مفاہمتی آرڈیننس پر عمل درآمد سے متعلق عدالت کے پانچ رکنی بینچ کے بارہ جولائی کےفیصلے کے نظرثانی کی اپیل میں دلائل دیتے ہوئے کہی۔

اٹارنی جنرل عرفان قادر کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس مقدمے میں تین بار عدالت میں پیش ہوکر غلطی کی اور اگر وہ اُن کی جگہ پر ہوتے تو کبھی بھی عدالت میں پیش نہ ہوتے۔

یاد رہے کہ بارہ جولائی کو سپریم کورٹ نے نئے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو سوئس حکام کو خط لکھنے کے بارے میں کہا تھا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کسی سمری یا ایڈوائس کے بغیر سوئس حکام کو خط لکھیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عدالت کو ایسے الفاظ میں ہدایت دینے کا اختیار نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عدالت اپنے موقف پر غور کرے تو ملک جمہود سے نکل سکتا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے نظرثانی کی درخواست کی سماعت کے دوران بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے کبھی نہیں کہا کہ وزیر اعظم خود خط لکھیں بلکہ یہ کہا ہےکہ وہ حکومت میں سے کسی کو بھی سوئس حکام کو خط لکھنے کا مجاذ بنا دیں۔

نہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم اپنے ہاتھوں کو تکلیف دیں۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کوئی تارا مسیح نہیں ہیں کہ ادھر عدالتی حکم آیا اور اُس پر فوری عمل درآمد کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر نئے وزیر اعظم کے ساتھ بھی یوسف رضا گیلانی جیسا سلوک کیا گیا تو یہ ایک اور عدالتی حادثہ ہوگا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ عدالت کسی قتل کے مقدمے میں پھانسی کا حکم تو دے سکتی لیکن مجرم کے گلے میں پھندا نہیں ڈال سکتی۔

عرفان قادر کا کہنا تھا کہ اگر اپنے حکم نامے میں یہ لکھ دے کہ اُس خط میں صدر آصف علی زرداری کا نام نہیں ہوگا تو وہ اس معاملے پر حکومت سے مشاورت کر سکتے ہیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے یہ نہیں کہا کہ اُس خط میں صدر مملکت کا نام ہو بلکہ عدالت نے یہ کہا ہے کہ حکومت سوئس حکام کو خط لکھے کہ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے سوئس حکام کو جو وہاں کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمہ ختم کرنے سے متعلق خط لکھا تھا اُس کو غیر موثر سمجھا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ ان مقدمات پر اگر کوئی فیصلہ آتا ہے اور چھ کروڑ ڈالر سے زائد رقم برآمد ہوتی ہے تو حکومت پاکستان اُس کی دعویدار ہے۔

سوئس عدالتوں میں صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کی سماعت ہو رہی تھی جن پر کارروائی این آر او کے تحت روک دی گئی تھی تاہم سپریم کورٹ کے سترہ رکنی بینچ نے اس آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا تھا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وزارت قانون نے تیئس اپریل کو رائے دی تھی کہ ملک قیوم نے بطور اٹارنی جنرل سوئس حکام کو خط لکھا تھا وہ قانون کے مطابق ہے۔

عرفان قادر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ملک قیوم کے خلاف ریفرنس بھیجنے کے لیے نیب کو احکامات جاری نہیں کرسکتے۔

بینچ میں موجود جسٹس سرمد جلال عثمانی کا کہنا تھا کہ وزارت قانون نے یہ رائے تین ماہ قبل دی تھی جبکہ وفاق نے سپریم کورٹ کے بارہ جولائی کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔

نظرثانی کیس کی سماعت جمعرات تک کے لیے ملتوی کر دی گئی اور نظر ثانی کی اس درخواست پر اُسی روز فیصلہ آنے کا امکان ہے۔

Source: BBC Urdu

Yousaf Raza Gilani nae Supreme court mein pesh ho ker ghaliti ki : Attorney General Irfan Qadir” ایک تبصرہ

  1. خدا کے لاٹھی بےآواز ہوتی  ہے کہ عدل کی کرسی پر بیٹھ کر  “الحاکم و العادل” کے نام پر ظلم کرنے والے ظالموں  پر ایسا چلتی ہے کہ ان کو اندر سے گھن کی طرح   کوکہلا کر دیتی ہے…. ان کے اندر کا انسان  مر جاتا ہے ..بےغیرتی  ذلت اور  رسوائی ان ظالموں کے  اپنے اندر سے .. اپنے ہی گھر سے  ارسلان کی صورت میں  ہمیشہ  ہمیشہ کیلیے  چمٹ جاتی  ہے … کہ اپنے ہی  آستین میں  چھپے سانپ سے  …اس کی جھوٹی آن بان ٬ عزت و غرور میں  زہر بہر کر… اسے عبرت کا نشان بنا دیا …
     دوسروں کو انصاف کے نام پر ناجائز  رسوا اور بدنام  کرنے والے سے قدرت كے انتقام  کا  یہ رخ  … کہ اب تمہاری  رسوائی  کی عدالتیں گلی کوچوں میں  زبان عام  پر ہیں…بات تو سچ ہے مگر ہے رسوائی کی  ….. 
    جب  تکبر اور جبر رکتا نہیں .. … تو خدا بہی انہیں مزید گہرایوں  میں دھکیل دیتا ہے … کہ اپنے ہی تكبر کے اندھیرے میں انہیں کچھ سجای نہیں دیتا..” فی طغیانہم یعمہون”  بظاہر یہ زندە ہیں  لیکن مرے ہوے ضمیر اور وجدان  سے .. کہ خلق خدا ان پر صبح و شام لعنتیں بہیجتی ہے اورجب تک یہ زندە درگور ہیں ان کے گناہوں کا پلڑا ہر روز بھاری  سے بھاری تر ہوتا چلا جاتا ہے …
     اور آخرت میں جہنم کی پستیوں میں ہمیشہ کیلہے دھکیل دیے جائیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں