I will visit Gilgit–Baltistan soon: Chairman Bilawal Bhutto Zardari


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کی تعمیر و ترقی اور پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کے نوزائیدہ صوبے کے عوام کی معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنوں کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید منظم اور فعال کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات میں کیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات میں پارٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت صوبے کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور مرکزی پالیسی کے تحت صوبے میں بھی مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکروں کے جدوجہد کی وجہ سے آج گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور گلگت بلتستان کے جیالوں نے بھی پاکستان میں جمہوریت کی بقاء اور جمہوریت کیلئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کو گلگت آنے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وہ بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور پارٹی ورکروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے صاحب زادے عقیل مہدی بھی موجود تھے۔

Source:

اپنا تبصرہ بھیجیں