پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب حسن مرتضی کا وزیر مواصلات اور سی سی پی او لاہور کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ

پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب کا وزیر مواصلات اور سی سی پی او لاہور کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ .

حسن مرتضی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمر شیخ نے زیادتی کا شکار خاتون کو واردات کا ذمہ دار ٹھہرا کر انسانیت کی تذلیل کی ہے ، پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے معاملے کی تحقیقات کروائی جائے ، عمران خان کے چہیتے سی سی پی او نے سب کے سر شرم سے جھکا دئے ہیں ، عمر شیخ فوری طور پر مستعفی ہوں یا پھر انہیں برطرف کیا جائے .

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا ہے کہ نئی موٹر ویز پر سیکیورٹی کا انتظام نہ کرنے پر وزیر مواصلات کو بھی فوری برطرف کیا جائے ، وزیر مواصلات مراد سعید کو فوری طور پر کٹہڑے میں کھڑا کیا جائے ، مراد سعید اس اندوہناک واردات کا براہ راست ذمہ دار ہے ، شہریوں سے ٹول ٹیکس تو لیا جاتا ہے مدد کیلئے کیوں کوئی تعینات نہیں تھا ؟

انہوں نے کہا کہ ہر معاملے پر اچھل اچھل اور چیخ چیخ کر بولنے والا مراد سعید کل سے کیوں غائب ہے؟ لاہور سکھر موٹر وے پر بھی کوئی سیکیورٹی ہے نہ پٹرول پمپ اور نہ قیام و طعام کا بندوبست ہے ، لوگوں سے بھاری ٹول ٹیکس تو لیا جاتا ہے مگر ان کی جان مال کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا، شیخ رشید نے ریلویز اور مراد سعید نے ہائی ویز کو تباہ کر دیا ہے ، عمران خان کا طرز حکمرانی ملک اور خاص طور پر پنجاب کو تباہ کر رہا ہے ، سلیکٹڈ اور ان کے کٹھ پتلیوں کا ٹولہ اگر مزید اقتدار میں رہا تو کچھ بھی نہیں بچے گا ، قومی قیادت فیصلہ کرے اور جلد اس نالائق اور نااہل ٹولے سے قوم کو نجات دلوائے .

اپنا تبصرہ بھیجیں