سانحہ موٹروے کے بعد وزیرمواصلات مراد سعید لاپتہ ہیں: ڈاکٹر نفیسہ شاہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ کہانیاں نہ سنائی جائیں سانحہ موٹروے کے مجرموں کو گرفتار کرکے سخت سزا دلوانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس سانحے کے بعد وزیرمواصلات مراد سعید لاپتہ ہیں۔ ویسے تو حکومت مخالفین کے خلاف بیان بازی کرنے میں آپے سے نکل جاتے ہیں مگر یہ واقعہ ان کی وزارت کے محکمے میں رونما ہوا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ موٹروے پر سفر کے لئے پیسے تو لئے جاتے ہیں مگر سفر کرنے والوں کی حفاظت کا انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نالائق وزیر مواصلات مراد سعید کو چاہیے تھا کہ میڈیا پر آکر اپنی نالائقی کا اعتراف کرتے مگر وہ چوروں کی طرح چھپے ہوئے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ نالائق مراد سعید کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ قوم متاثرہ خاتون اور ان کے خاندان سے انصاف چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کہانیاں نہ سنائیں۔ جو وزیراعلیٰ غیرذمے دار سی سی پی او کو نہیں ہٹا سکتے اور نہ ہی ان کی بدزبانی پر کارروائی کرسکتا ہے وہ قانون کی رٹ کیسے بحال کر سکتے ہیں؟

اپنا تبصرہ بھیجیں