Mian Manzoor Wattoo urges to let protesters go to their home on Eid‏

10669998_675754605864697_1205422549874757880_n

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دھرنے کے شرکاء کو عید سے پہلے اپنے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دے دیں تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں سے جاری بیان میں کہتے ہوئے مزید کہا کہ اس سے متعلقہ خاندانوں کی خوشی میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے جسکی وجہ سے پہلے ہی عوام بہت تکلیف میں کیونکہ مہنگائی، بیروزگاری، غربت، بگڑتی ہوئی امن عامہ کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پہلے ہی لوگوں کا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین عید کے مذہبی اور دنیاوی تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اس لیے وہ دھرنوں کے شرکاء کو عید منانے کے لیے گھروں کو جانے کی اجازت دے دیں گے۔میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ عید اتحاد، ایثار اور رواداری کا پیغام ہے جس میں دنیاوی تقاضوں کی حیثیت ثانوی ہو جاتی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ عید کے موقع پر غریبوں اور نادار لوگوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے جو سارا سال غربت کے ماحول میں مشکل سے سانس لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے اس موقع پر انکی خوشیوں کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ احتجاج کرنیوالی جماعتوں نے اگر شرکاء کو عید کے موقع پر جانے کی اجازت نہ دی تو اسکا مطلب یہ ہو گا کہ انہوں نے انکی عید کی خوشیوں کو جماعتی سیاست پر قربان کر دیا جو انتہائی غیر مناسب ہو گا۔

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں