نواز دور کے اقدامات کالعدم قرار دینے کےلئے عدالت جاﺅنگا: رحمن ملک

اسلام آباد (آئی این پی/آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ شریف برادران کے خلاف چھوٹا سا عدالتی فیصلہ آیا تو انہوں نے رونا دھونا شروع کردیا، اگر ان کو ایف آئی اے پر اعتماد نہیں تو رائیونڈ محل کے چیف سیکورٹی افسر سے رقوم لینے کی تحقیقات کرالیں۔ شہباز شریف علی بابا چالیس چور کے نعرے میں علی کی جگہ اپنا نام شامل کرلیں تو بہتر ہوگا۔دھاندلی کے ذریعے نوازشریف کی وزارت عظمیٰ کے نوٹیفکیشن کی منسوخی اور انکے دورے حکومت کے تمام فیصلوں اور اقدامات کو کالعدم قراردینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا۔ اصغر خان کیس پر چوہدری نثار سے مناظرے کیلئے چکری جانے کو بھی تیار ہوں۔ ملالہ یوسف زئی پر حملے کے مرکزی ملزمان کی گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔ عید کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے ، کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کھالیں اکٹھی نہیں کرنے دیں گے ۔ وہ وزارت داخلہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جمع کرانے کیلئے ڈی سی او اور ڈی پی او سے اجازت لینا ضروری ہے ۔ کالعدم تنظیمیں اگر نام بدل کر کھالیں اکٹھی کریں گی تو پولیس اور انٹیلی جنس ادارے ان کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ عید کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی سے بچنے کیلئے موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شریف برادران کو ایف آئی اے پر اعتماد نہیں تو وہ تحقیقات کیلئے رائیونڈ محل کے چیف سیکورٹی افسر کو تعینات کرنے کا مطالبہ کریں تاکہ ان کی مرضی کے مطابق تحقیقات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف آج کل اکیلے نہ جانے کے حوالے سے جو گانا گا رہے ہیں اس سے لگ رہا ہے کہ ایک بار پھر انہوں ملک سے باہر بھاگنے کی تیاری شروع کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو سے 50کروڑ روپے نکلوانے کا جو الزام لگایا جا رہا ہے ہم اس کی انکوائری کرانے کو بھی تیار ہیں۔ایک سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ سوات کی رہائشی حنا خان کو اسلام آباد میں سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے ، ملالہ یوسف زئی پر حملے کی پلاننگ افغانستان میں ہوئی تھی اور اس حملے کے مرکزی ملزمان عطاءاﷲ اور احسان اﷲ احسان کی گرفتاری کیلئے پولیس اور انٹیلی جنس ادارے کام کررہے ہیں۔اے این این کے مطابق رحمن ملک نے کہا کہ عید پر بڑے شہروں میں جہاں دہشتگردی کا خطرہ ہوا، وہاں موبائل فون سروس کچھ دیر کیلئے بند کردینگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں