جمہو ریت اور پارلیمنٹ کو نئی طرز کےآمروں سے بچا نا ہے ; صدر زرداری

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں تاریخ نے سچ اگل دیا’ 1990ء میں بینظیر بھٹو اور عوام کیساتھ زیادتی کی گئی’ جمہوریت کیلئے نصرت بھٹو کی محنت رائیگاں نہیں گئی’ آئین و قانون کی حکمرانی سے ان کی جدوجہد پھل پاچکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر جمہوریت نصرت بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ نصرت بھٹو کی برسی کے حوالے سے ایوان صدر میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں صدر آصف علی زرداری’ وفاقی وزرائ’ ارکان پارلیمنٹ’ ایوان صدر کے سٹاف اور کارکنوں نے شرکت کی ۔تقریب میں نصرت بھٹو کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ، قبل ازیں صدر آصف علی زرداری نے نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کی جمہوریت کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نصرت بھٹو نے جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں اور سختیاں جھیلی ہیں۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نئی طرز کے آمروں سے محفوظ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نصرت بھٹو جرات و بہادری کا نام تھا، مادر جمہوریت گو آج زندہ نہیں ہیں لیکن جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے ان کی جدوجہد تاریخ میں زندہ رہے گی۔ دریں اثناءصد ر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں امن و امان قائم رکھنے اور حالات بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی ، بلوچستان میں عوام کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ، این ایف سی ایوارڈ سے صوبے کو اربوں روپے کی اضافی رقم دی گئی ، بی این پی (عوامی) مرکز اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی اہم اتحادی جماعت ہے ۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں بی این پی (عوامی) کے صدر وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سینٹر میر اسرار اﷲ زہری سے بات چیت کر رہے تھے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے صدر مملکت کو اپنی وزارت کے امور پر بریفنگ دی جبکہ بلوچستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ بی این پی (عوامی ) مرکز اور بلوچستان میں پی پی پی کی اتحادی جماعت ہے اور پی پی پی تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر قومی امور پر فیصلے کرتی ہے ۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ امن وا مان بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں