پیپلزپارٹی پنجاب شعبہ خواتین کی صدر بیگم بیلم حسنین نے بلاول ہائوس میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کیلئے اگر کسی سیاسی جماعت نے قربانیاں دی ہیں تو وہ پیپلز پارٹی ہے جس کی قیادت سے ورکرز تک سب نے جانوں کے نذرانے پیش کئے، اب پیپلز پارٹی کی قیادت ان ہاتھوں میں آگئی ہے جنہوںنے بی بی صاحبہ کی شہادت کے وقت ملک میں ایک کانچ نہ ٹوٹنے دیا اور پاکستان کھپے کے نعرے لگائے،بھٹو خاندان اور بھٹو کے ورکرز اورکتنی قربانیاں دیں؟ آج لوگ سفید لش پش کپڑے پہن کر پتہ نہیں کیا کیا نیا بنانے کی بات کرتے ہیں چوکڑیاں مارنے اور بھڑکیں مارنے سے ملک کی تقدیر نہیں بدلتی، تبدیلی پھانسی کا پھندا چومنے سے، خون دینے سے آتی ہے ، ہم نے پھانسی کے پھندے بھی چوم لئے، خون بھی پیش کردیا اور یہ تبدیلی بلاول لیکر آئیں گے ، بلاول بھٹو کو میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ان کے ساتھ جانثاروں کی فوج ہے، جنہوںنے اُن کے نانا کیساتھ دیا، بی بی کے بھائی بنے آج وہ بلاول کی قیادت میں پھر جوان ہیں ۔ جس کی پیٹھ پر کوڑے کے نشان ہوں، اور وہ حق سچ گو ہو فوری پہچان لیں یہ بھٹو اور بلاول آپ کا جیالا ہے ۔پیپلز پارٹی کی جیالیوں نے چھوٹے چھوٹے بچوں کوگود میں اٹھاکر سڑکوں پرماریں کھائی ہیں ، جیلیں کاٹی ہیں۔آج وہ بچے بھی اپنی مائوں کی طرح شہید بھٹو ، شہید بی بی ، بلاول صاحب اور آپ کے کارکن ہیں اور آپ کی ایک آواز پر جان دینے کوتیارہیں۔میں کہنا چاہوں گی کہ شہید بی بی صاحبہ کی طرح زرداری صاحب اور بلاول صاحب بھی خواتین لیڈر شپ اور ورکرز کو وقت دیا کریں تاکہ جیالیوں کی فوج تازہ دم ہوجائے۔